ڑ*حکومت مہنگائی کم کرنے کے بجائے عوام کو اذیت دے رہی ہے، علامہ ہشام الہٰی

بدھ 2 جولائی 2025 21:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2025ء) جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر ڈاکٹر علامہ ہشام الہٰی ظہیر نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف کی بجائے تکلیف دینے میں مصروف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ پٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ناقابلِ برداشت ہے اور جمعیت اہلحدیث پاکستان اسے مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم فوری طور پر پٹرولیم لیوی ختم کریں اور قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لیا جائے۔

علامہ ہشام نے کہا کہ ملک پہلے ہی شدید مہنگائی کی لپیٹ میں ہے، عوام بجلی کے بھاری بلوں تلے دبے ہوئے ہیں، غریب اور متوسط طبقہ اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہو چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت اشرافیہ اور پارلیمنٹیرینز کو نواز رہی ہے جبکہ تمام بوجھ عام آدمی پر ڈالا جا رہا ہے، جو سراسر ناانصافی اور عوام دشمنی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ جمعیت اہلحدیث پاکستان ایسی پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔

بین الاقوامی حالات پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خلیج اور مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر شدید تشویش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین و غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں روز بروز بڑھ رہی ہیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، سعودی عرب، پاکستان، روس، قطر اور یو اے ای کو چاہیے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے اپنا سفارتی اور انسانی کردار ادا کریں۔ پاک بھارت اور ایران اسرائیل کشیدگی کی طرح غزہ بحران میں بھی مؤثر عالمی کردار کی ضرورت ہے۔