پاکستانی شہریوں کی بھارت حوالگی پربلاول زرداری کا بیان شرمناک ہے،احمدندیم اعوان

ہفتہ 5 جولائی 2025 17:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے بلاول زرداری کے بیان کو افسوسناک، غیر ذمہ دارانہ اور قومی سلامتی کے خلاف قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وفادار، نظریاتی اور قربانی دینے والے شہریوں پر بھارتی بیانیے کو دہرا کر نہ صرف دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دی جا رہی ہے بلکہ پاکستانی قوم کی توہین بھی کی گئی ہے۔

احمد ندیم اعوان نے کہا کہ بھارت اپنے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو چھپانے کے لیے ہمیشہ پاکستان کو نشانہ بناتا ہے۔ پٹھان کوٹ، ممبئی اور دیگر واقعات کی آڑ میں بھارت جھوٹا پراپیگنڈا کرتا رہا ہے لیکن کبھی بھی شفاف تحقیقات یا ٹھوس شواہد آپیش نہیں کیے گئے۔ اگر بلاول کو تعاون کرنا ہے تو اجیت دووال اور کلبھوشن جیسے دہشت گردوں کو عالمی عدالتوں میں لے جانے کا مطالبہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلاول اور ان کی جماعت کئی دہائیوں سے سندھ پر قابض ہے۔ کراچی میں کچرے کے ڈھیر، پانی کا بحران، اور ٹوٹی پھوٹی سڑکیں پیپلز پارٹی کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ قومی بیانیے سے ہٹ کر بھارت کے مقف کو تقویت دینا ناقابل معافی جرم ہے۔ قوم اپنی خودداری اور محب وطن شخصیات کے ساتھ کھڑی ہے۔ بلاول کو اپنی غلطی کا اعتراف کرنا چاہیے اور سندھ کے لوگوں کے مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔