صوبائی حکومتوں اور سیکیورٹی فورسز کی مؤثر و پیشہ ورانہ منصوبہ بندی کی بدولت یوم عاشور کا پر امن اور پر سکون انعقاد ممکن ہوا،وزیراعظم

شہبازشریف کا تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو بھی اپنے اپنے علاقوں میں یوم عاشور کے موقع اپنے اپنے علاقوں میں مؤثر سیکیورٹی انتظامات کرنے پر خراج تحسین پیش، وزیراعظم سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات ،یوم عاشور پر ملک بھر کی صورتحال اور سیکیورٹی انتظامات پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 7 جولائی 2025 11:01

صوبائی حکومتوں اور سیکیورٹی فورسز کی مؤثر و پیشہ ورانہ منصوبہ بندی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07جولائی 2025)وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ صوبائی حکومتوں اور سیکیورٹی فورسز کی مؤثر و پیشہ ورانہ منصوبہ بندی کی بدولت یوم عاشور کا پر امن اور پر سکون انعقاد ممکن ہوا،وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو عاشورہ کے انتظامات احسن طریقے سے کرنے پر سراہا،وزیراعظم سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی اور یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر کی صورتحال اور سیکیورٹی کے حوالے سے لئے گئے انتظامات پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ مریم نواز، مراد علی شاہ، علی امین گنڈاپور، میر سرفراز بگٹی، اور وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر چوہدری انوار الحق، وزیر اعلی گلگت بلتستان گلبر خان کو یوم عاشور کے موقع اپنے اپنے علاقوں میں مؤثر سیکیورٹی انتظامات کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات اورعوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عاشورہ کا پرامن انعقاد قومی یکجہتی اور فورسز کی مثالی کارکردگی کا مظہر ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں عاشورہ کے تمام جلوس اور مجالس کے بخیر و عافیت اختتام پذیر ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔محسن نقوی نے اس موقع پر فوج، رینجرز، پولیس، انتظامیہ اور دیگر سکیورٹی اداروں کی محنت اور پروفیشنل اپروچ کو خراج تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عاشورہ محرم پر تعینات ہر جوان، افسر اور اہلکار کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جانفشانی سے اپنے فرائض انجام دیئے اور عزاداروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی۔وفاقی وزیر داخلہ نے علماء کرام کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ بھائی چارے اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ میں علماء نے اہم کردار ادا کیا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تمام فورسز اور فیلڈ فارمیشنز نے دن رات ایک کر کے مثالی نظم و ضبط اور اتحاد کا مظاہرہ کیا اور ہم اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہیں کہ عشرہ محرم الحرام بخیر و عافیت اختتام پذیر ہوا۔