برہان وانی کی برسی پر اسلم فاروقی کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

منگل 8 جولائی 2025 23:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی) پاکستان کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی نے عظیم کشمیری نوجوان برہان مظفر وانی کی برسی پر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے برہان وانی شہید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ برہان وانی کی شہادت نے ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے جذبے سے سرشار ہے اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کو کسی بھی طرح قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہے ان خیالات کا اظہار اسلم خان فاروقی نے پیغام پاکستان کے سربراہ و معروف ادبی شخصیت سید عبد الباسط خان اور سوشل ایکٹویسٹ سجاد سوریا سے تحریک آزادی کشمیر کو ایک نئی جہت دینے والے عظیم حریت پسند رہنما برہان مظفر وانی شہید کی 9ویں برسی کے موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا سید عبد الباسط نے کہا کہ برہان مظفر وانی کی شہادت نے مقبوضہ کشمیر میں جو چراغ روشن کیا تھا اس سے آج پوری وادی میں چراغاں ہے اور پاکستانی قوم برہان وانی کے یوم شہادت پر اپنے اس عزم کو دہراتی ہے کہ اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے اسلم خان فاروقی کا کہنا تھا کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں قاض بھارتی فوج کی درندگی بند نہ ہوئی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مظلوم کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق نہ ملا تو یہ اس بین الاقوامی ادارے کی ساکھ کی تباہی ہوگی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی برادری کی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں سے کیے گئے وعدے کو پورا کرنے میں اب مزید تاخیر نہ کرے۔