وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امورسفیر سید طارق فاطمی کی سربراہی میں وفد کی روسی فیڈریشن کے نائب وزیراعظم سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 10 جولائی 2025 13:40

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سفیر سید طارق فاطمی کی قیادت میں وزیراعظم کے معاون خصوصی صنعت و پیداوار و فوکل پرسن برائے پاکستان سٹیل ملزہارون اختر خان سمیت اعلیٰ سطح وفد نے روس کے نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک سے ماسکو میں ملاقات کی۔ دفترخارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے آغاز پر معاون خصوصی سید طارق فاطمی نے روس کے نائب وزیراعظم اور روسی قیادت کوپاکستان کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچاتے ہوئے زور دیا کہ دونوں ممالک کی قیادت کی سطح پر خیرسگالی پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں بہتری کی مثبت رفتار کو یقینی بنارہی ہے۔

ملاقات کے دوران فریقین نے سیاسی، تجارتی اور اقتصادی تعاون کے علاوہ توانائی، کمیونیکیشن، صنعتی اور زرعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

طارق فاطمی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان روسی فیڈریشن کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعاد ہ بھی کیا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پرروس کے مستحکم کردار کا خواہشمند ہے۔ ملاقات کے دورا ن گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے آگاہ کیا کہ پاکستان کراچی میں نئی سٹیل مل پر جاری مذاکرا ت کو بہت اہمیت دیتا ہے کیونکہ یہ منصوبہ پاکستان کے روس کے ساتھ تعلقات کی ایک اہم میراث ہے جو مستقبل میں تعاون اور شراکت داری کی علامت کے طور پر کام کرسکتا ہے۔

انہوں نے پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسی کا تفصیلی جائزہ بھی پیش کیا جس سے موجودہ حکومت کے دور میں حاصل کئے گئے میکرواکنامک استحکام کو یقینی بنانے میں مدد ملی ہے۔ ملاقات کے دوران روس کے نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک نے ستمبر2024میں اپنے دورہ پاکستان اور اکتوبر2024میں اسلام آباد میں منعقدہ ایس سی او سربراہی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا خوشگوار انداز میں ذکر کیا۔

انہوں نے پاکستان او ر روس کےبطور قدرتی اتحادی کردار کو اجاگرکرتے ہوئے زور دیا کہ صدر پیوٹن پاکستان کو توانائی اور خطے میں ترقی کے حوالے سے ایک اہم شراکت دار تصور کرتے ہیں ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان رابطے کے اہم منصوبوں کو اہمیت پربھی روشنی ڈالی جن میں ازبکستان ، پاکستان اور روس کے درمیان ریل رابطے اوراگست 2025میں پاکستان اور روس کے درمیان پائلٹ کارگوٹرین کا آغاز وغیرہ شامل ہیں۔

فریقین نے جنوی ایشیا ، افغانستان اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت کثیرالجہتی فورمز پر پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعاون کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پربھی تبادلہ خیال کیا۔ روسی نائب وزیراعظم کی جانب سے وزیراعظم کے معاونین خصوصی کے دورہ روس کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ صدر پیوٹن تمام اہم شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صدر پیوٹن رواں سال اگست کے اواخر میں چین کے شہر تیانجن میں منعقد ہونے والی ایس سی او کونسل آف ہیڈ آف سٹیٹ کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کے بے حد منتظر ہیں۔