Live Updates

معطل ارکان کی جبری بے دخلی ، پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن اراکین نے اپنی حقیقی اسمبلی لگا لی،حکومتی اخراجات اور غیر ضروری تشہیر کے خلاف متفقہ قرارداد منظور

ہمیں غیر قانونی طور پر ایوان سے نکالا گیا اسی لئے ہم اپنی جمہوری اسمبلی لگانے پر مجبور ہوئے، بارش کے بعد پورا لاہور پانی میں ڈوب چکا ہے لیکن حکومت مسائل حل کرنے کے بجائے جمہوریت کا گلا گھونٹ رہی ہے، اپوزیشن لیڈر کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 10 جولائی 2025 15:16

معطل ارکان کی جبری بے دخلی ، پنجاب اسمبلی  کے  اپوزیشن اراکین نے اپنی ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جولائی 2025)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اراکین نے اپنے معطل ارکان کی اسمبلی سے جبری بے دخلی کے خلاف سخت احتجاج کیا اور اسمبلی کے باہر ہی اپنی حقیقی اسمبلی لگا لی ، علامتی اسمبلی میں اپوزیشن رہنما اعجاز شفیع کو اسپیکر منتخب کیا گیا جب کہ دیگر ارکان نے اجلاس میں شرکت کی۔پنجاب اسمبلی کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی جبکہ خاردار تاریں اور بیریئر بھی لگا دئیے گئے تھے تاکہ اپوزیشن کے احتجاج کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے قائم کی گئی حقیقی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت کی بے جا اخراجات اور غیر ضروری تشہیر کے خلاف متفقہ طور پر قرارداد منظور کر لی گئی۔ اجلاس میں رکن اسمبلی ملک فہد کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں موجودہ حکومت پر پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی سرکاری تشہیری مہم چلانے کا الزام عائد کیا گیا۔

(جاری ہے)

اپوزیشن ارکان نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی بحران کے شکار عوام کے ساتھ کھلی زیادتی ہے۔

اپوزیشن نے زور دیا کہ حکمرانوں کو اپنی عیش و عشرت کی عادت ترک کرنی ہوگی اور عوامی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی۔قرارداد میں کہا گیا کہ حکومت نے ملکی وسائل کو ذاتی تشہیر کیلئے استعمال کیاگیا جو عوام کے ٹیکس کا صریحاً غلط استعمال ہے۔ اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ حکومت کے خرچ پر کی جانے والی ہر قسم کی ذاتی تشہیر پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور غیر ضروری و شاہانہ اخراجات کو فی الفور روکا جائے۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد بھچر کاکہنا ہے کہ ہمیں غیر قانونی طور پر ایوان سے نکالا گیا اسی لئے ہم اپنی جمہوری اسمبلی لگانے پر مجبور ہوئے۔ملک احمد بچھر نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بارش کے بعد پورا لاہور پانی میں ڈوب چکا ہے لیکن حکومت بجائے مسائل حل کرنے کے جمہوریت کا گلا گھونٹ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فارم 47 کی حکومت ہے اور پنجاب کا بجٹ فراڈ پر مبنی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات