فیصل آباد، بلوچستان میں مسافر بسوں سے پنجابی مسافروں کو باقاعدہ شناخت کے بعد اغواء اور وحشیانہ قتل کی شدید مذمت

جمعہ 11 جولائی 2025 21:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء) بلوچستان میں مسافر بسوں سے پنجابی مسافروں کو باقاعدہ شناخت کے بعد اغواء اور وحشیانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ دہشت گرد جب اور جہاں چاہتے ہیں اپنا ہدف حاصل کرلیتے ہیں۔ دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی لہر انتہائی قابل تشویش ہے جو کہ خطرناک شکل اختیار کرچکی ہے۔ ہندوستان اپنے ذرخرید افراد کے ذریعے پاکستان کے امن اور عوام پر حملہ آور ہے۔

ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے۔ چیئرمین مرکزی علماء کونسل و جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مرکزی جامع مسجد گول فیصل آباد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کا خاتمہ اور دہشت گردوں کا قلع قمع چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

فتنہء ہندوستان واضح طور پر بے نقاب ہو چکا ہے مگراس کے تدارک کیلئے اور اس فتنہ کا راستہ روکنے کیلئے موثر اور سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

دہشت گردی کے پے در پے واقعات ہی رکنے کا نام نہیں لے رہے۔اسلام میں لسانیت کی بنیاد پرقتل کرنا حرام ہے۔اسلام کے بنیادی اور لازمی اصولوں میں سے ایک اولین اور بنیادی اصول یہ ہے کہ مسلمان اُمت واحدہ ہے اور آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ پاکستان میں رہنے والے تمام صوبوں کے افراد ایک دوسرے کے خیر خواہ ہونے چاہئیں۔ اتحاد اور یکجہتی کے ماتحت ایمان والے اُمت مسلمہ کے سب افراد آپس میں بھائی بھائی ہیں۔

احکام قرآنی اور رسول اللہﷺ کا ارشاد بھی ہے کہ مومن مومن کا بھائی ہے۔آج بعض طبقات نے پوری اُمت کو مسلکی عصبیت لسانی تعصب اور مختلف گروہوں میں تقسیم کردیا ہے۔ اسی وجہ سے اُمت مسلمہ اور مسلمان پوری دنیا میں کمزوری ، شکست اور خون ریزی کا شکار ہیں۔ سندھی، پنجابی، پٹھان، بلوچ سب پاکستانی ہیں۔ اسلام اور پاکستان کیلئے متحد ہو جائیں۔اسلام اور پاکستان دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائے۔اتحاد امت وقت کا اہم ترین تقاضا اور ناگزیر ضرورت ہے۔