Live Updates

قومی ٹیرف پالیسی معاشی فروغ میں اہم ثابت ہوگی، بلال اظہر کیانی

جمعہ 11 جولائی 2025 22:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء)وزیر مملکت خزانہ اور وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کے سربراہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ قومی ٹیرف پالیسی معاشی فروغ میں اہم ثابت ہوگی، آئندہ پانچ سال میں بتدریج خام مال اور مشینری پر ڈیوٹیز میں کمی سے معیشت کی رفتار تیز کرنے اور برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی۔ وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس میں تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے ملک کو معاشی استحکام دیا۔

مہنگائی 38 فی صد سے سنگل ڈجٹ میں آ چکی ہے۔گزشتہ مالی سال میں مہنگائی کی شرح 4.5 فیصد آنا ایک اہم کامیابی ہے جس سے عوام کو کچھ ریلیف ملا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے 11 فیصد پر آ چکا ہے جس سے کاروباری برادری کو ریلیف ملا ہے۔ ڈیفالٹ کے جن حالات میں وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت سنبھالی تھی، ان میں یہ معاشی کامیابیاں ناممکن تصور ہو رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا گیا ہے۔ وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ایک طرف نج کاری، رائٹ سائزنگ، معاشی اصلاحات اور خساروں پر قابو پانے کے عمل کے ذریعے بنیادی معاشی ڈھانچہ کو ٹھیک کر رہے ہیں اور دوسری جانب صنعت کاروں، ماہرین معیشت اور سٹیک ہولڈرز سے مسلسل مشاورت کرتے ہیں تاکہ معاشی استحکام پائیدار معاشی ترقی میں بدل سکے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام سے معاشی استحکام لانے میں مدد ملی۔ معرکہ حق کے دوران بھارت نے پاکستان کے معاشی مفادات پر بھی حملہ کیا۔ ہماری حکومت نے بھارت کی مخالفت کے باوجود آئی ایم ایف بورڈ سے اپنی معاشی کارکردگی کی بنیاد پر دوسری قسط کی منظوری حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا عزم ہے کہ یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو لیکن اس مقصد کے لیے سب کو مل کر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ماضی کی غلطیاں دوہرانے سے یہ قومی مقصد حاصل نہیں ہوگا۔ وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے بزنس کمیونٹی کے حکومت کے ساتھ تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ معیشت کی بہتری کے لیے ہم سب کا اجتماعی کردار کی کامیابی کی ضمانت ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات