Live Updates

حملہ کرنا تو درکنار، بھارت آئندہ کئی سال تک اپنے زخم چاٹتا رہے گا‘چوہدری برجیس طاہر

بھارت کی جنگی جنونیت محض ایک ڈرامہ ہے ،مقصد صرف اپنی عوام کو دھوکہ دینا ،اصل مسائل سے توجہ ہٹانا ہے،لیگی نائب صدر

ہفتہ 12 جولائی 2025 16:39

سانگلہ ہل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر ،سابق گورنر پنجاب و سابق وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ بھارت کی جنگی جنونیت محض ایک ڈرامہ ہے جس کا مقصد صرف اپنی عوام کو دھوکہ دینا اور اصل مسائل سے توجہ ہٹانا ہے،حملہ کرنا تو درکنار، بھارت آئندہ کئی سال تک اپنے زخم چاٹتا رہے گا۔

انہوں نے حلقہ بھرکے دورہ کے دوران میڈیاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار صرف زبانی دعوے کر کے اپنی عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کی افواج اور قوم نے ہمیشہ بھرپور دفاع کیا ہے اور بھارت کو دھول چٹانے کا اعزاز افواج پاکستان کے ہیرو فیلڈ مارشل عاصم منیر،آفیسروں اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار جوانوں کو حاصل ہے۔

(جاری ہے)

برجیس طاہر نے کہا کہ بھارت اگر سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان کو خوفزدہ کر سکتا ہے تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے، جس کے دفاعی ادارے اور عوام دشمن کے کسی بھی ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے ملک کی داخلی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بیوی اور قریبی ساتھیوں کی کرپشن آج سب پر عیاں ہے۔

انہیں بغض، حسد اور ضد کی سیاست کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔ وہ ملک کے استحکام میں رکاوٹ بنے رہے اور آج عدالتیں اور ادارے ان کے خلاف ناقابل تردید ثبوتوں پر کارروائی کر رہے ہیں۔برجیس طاہر نے کہا کہ پاکستان اس وقت سیاسی اور معاشی میدان میں ترقی کے سفر پر گامزن ہے۔ ملک دشمن عناصر جان بوجھ کر غیر یقینی صورتحال پیدا کر کے ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا چاہتے ہیں لیکن عوام باشعور ہو چکی ہے اور جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے، اور انشااللہ پاکستان جلد ایشیائی ٹائیگر بن کر ابھرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی مالیاتی اداروں، خصوصا آئی ایم ایف کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان ایک بااعتبار ملک ہے، جو اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں پر پورااترتاہے۔ انہوں نے عوامی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری بس اسٹینڈز پر عام شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت پرعزم ہے۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب، تسلیم اختر را کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے سرکاری بس اسٹینڈ میں شہریوں کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے، اور اس پر وہ دل کی گہرائیوں سے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔برجیس طاہر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت کا مشن ہر صورت جاری رکھا جائے گا، اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتی رہے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات