یوم شہداء کشمیر تحریک آزادی میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،چوہدری انوارالحق

ہفتہ 12 جولائی 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیرچوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ یوم شہداء کشمیر تحریک آزادی میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔یوم شہداء پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ کچھ واقعات قوموں کی زندگی میں بڑی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ یہ دن تحریک آزادی کشمیر میں ایک خاص اہمیت کا حامل ہے جب کشمیری عوام نے شخصی حکمرانی کو للکارا اور مہاراجہ کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی ۔

1931میں ڈوگرہ مہاراجہ کا ظلم و استبداد اپنی انتہا کو پہنچ گیا تھا، مسلمانوں کا استحصال کیا جار رہا تھا۔ مساجد اور قرآن پاک کی بے حرمتی کی جا رہی تھی۔ زمین کی ملکیت پر پابندی لگا دی گئی تھی، حکومت کی طرف سے نافذ کردہ محصولات آسمان کی بلندیوں کو چھو رہے تھے اور حکمرانوں کی جبر و ظلم کے خلاف کسی بھی شخص کو آوا ز اُٹھانے کی اجازت نہیں تھی،13 جولائی 1931 کو کشمیری مسلمانوں نے مہاراجہ کے خلاف ایک اجتماع منعقد کیا جب نماز کا وقت آیا تو ایک شخص آذان کے لیے اُٹھ کھڑا ہوا اُس سے پہلے کہ وہ آذان مکمل کرتا ڈوگرہ پولیس نے اُسے گولی مار کر بے دردی سے شہید کر دیا۔

(جاری ہے)

اس شہادت کے بعد یکے بعد دیگر22 مسلمانوں اُٹھے پولیس کی فائرنگ مسلسل جاری رہی اور 22 کشمیری مسلمانوں نے ایک ایک کر کے شہادت کا جام نوش کیا اور آذان کو مکمل کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری ڈوگرہ فوج کی دہشت گردی کے خلاف مسلسل مزاحمت کرتے رہے اور بہادر کشمیری ننگے سینے تانے سنگینوں اور گولیوں کا سامنا کرتے رہے اور شہادتیں پیش کرتے رہے۔

اس واقعہ کی اہم بات یہ تھی کہ شہداء میں سے کسی ایک کی بھی پیٹھ پر گولی نہیں لگی بلکہ سب نے سینے پر گولیاں کھائیں۔ آزادی کے لیے اس شجاعت اور جذبے کی دنیا کی کسی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور مقبوضہ کشمیر بھارتی ظلم و استبداد سے آزاد ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے پاکستان کی محبت میں جو قربانیاں دی ہیں وہ رنگ لائیں گی اور سرینگر اور جموں میں سبز ہلالی پرچم لہرائے گا اور پوری ریاست جموں و کشمیر کا الحاق پاکستان سے ہو گا،آزاد حکومت اس مشن کو مکمل کرنے کیلیے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔