Live Updates

پی ٹی آئی سندھ کی کال پر عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج، ریلیوں میں عوام کی بھرپور شرکت

حیدرآباد میں سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ جبکہ کراچی میں ارسلان خالد کی قیادت میں ریلی کارکنوں کی کثیر تعداد میں شرکت عمران خان کی رہائی، آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے قوم نکل چکی ہے، جودہ حالات میں ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ختم ہوچکی ہے،حلیم عادل شیخ

ہفتہ 12 جولائی 2025 22:47

پی ٹی آئی سندھ کی کال پر عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاج، ریلیوں میں ..
کراچی/حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)پاکستان تحریک انصاف سندھ کی جانب سے سرپرست اعلی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر صوبے بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔حیدرآباد میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی قیادت میں انصاف ہاس سے ریلی نکالی گئی، جو مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے حیدر چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی میں پی ٹی آئی حیدرآباد ڈویژن کے صدر ایڈووکیٹ فیصل مغل، ایم پی اے ریحان راجپوت، محسن گھمن، مستنصر حسین، ممتاز نیازی، دانیال مگسی، اصامہ حفیظ، بلا اور دیگر رہنماں و کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے پارٹی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر عمران خان کی رہائی اور ان کے خلاف جھوٹے مقدمات کے خاتمے کے مطالبات درج تھے۔

(جاری ہے)

ادھر کراچی میں پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری ارسلان خالد، جمال صدیقی، امجد جاہ، اور دیگر رہنماں کی قیادت میں گرومندر سے جناح ٹان تک ریلی نکالی گئی، جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔حلیم عادل شیخ نے حیدرآباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور عوام میں عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر مبنی پمفلٹ بھی تقسیم کیے۔ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ختم ہوچکی ہے۔

26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ کو غلام بنادیا گیا ہے، جس کے باعث عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماں کے کیسز میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے جا رہے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کر رہی ہے۔ پانچ اگست کو عمران خان کی ناحق قید کو دو سال مکمل ہو جائیں گے۔ وہ ایک بے گناہ لیڈر کی حیثیت سے دو سال سے قید تنہائی کاٹ رہے ہیں۔

انہیں توڑنے کے لیے ان کی اہلیہ بشری بی بی کو بھی جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، محمود الرشید، حسان نیازی سمیت ہزاروں کارکن جھوٹے مقدمات میں گرفتار ہیں اور انہیں عدالتوں سے انصاف نہیں مل رہا۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اگر عدلیہ آزاد ہوتی تو انصاف کا یوں جنازہ نہ نکلتا۔

القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو سزا دی گئی، جبکہ اس کے اصل مستفید کنندگان نواز شریف اور زرداری خاندان ہیں۔ عمران خان نے اسلامی تعلیمات کو فروغ دینے کے لیے القادر یونیورسٹی قائم کی، جس کی پاداش میں انہیں سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم جاگ چکی ہے اور پانچ اگست کو ملک بھر میں عوام ایک آواز بن کر سڑکوں پر نکلے گی۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہا کہ پارٹی نے اپنی جاری تحریک کو حتمی مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔

سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور بھوک ہڑتالیں ہو رہی ہیں۔ ہم عمران خان کی رہائی کے لیے آخری حد تک جائیں گے، کیونکہ عمران خان قوم کے حقوق کے لیے جیل میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اس قوم کے حقیقی لیڈر ہیں اور عام انتخابات کی طرح عوام ایک بار پھر سڑکوں پر نکل کر اس کا ثبوت دیں گے۔حلیم عادل شیخ نے وکلا برادری سے اپیل کی کہ وہ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

اگر ملک میں آئین اور قانون باقی نہ رہا تو انصاف بھی ناپید ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب قوم گھروں سے نکلے گی تو عمران خان ضرور آزاد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عوامی طاقت ہی عمران خان کی رہائی کا ذریعہ بنے گی، عدلیہ آزاد ہوگی، اور ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی بحال ہوگی۔ پی ٹی آئی 26ویں آئینی ترمیم اور پیکا جیسے کالے قوانین کے خاتمے کے لیے عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات