بلوچستان میں دہشتگردی قومی وحدت پر حملہ ہے، دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ڈاکٹر روینہ اختر

ہفتہ 12 جولائی 2025 21:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر روینہ اختر نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملے کو قومی وحدت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نو معصوم شہریوں کو بس سے اتار کر بے دردی سے قتل کرنا نہ صرف انسانیت سوز فعل ہے بلکہ پشتونوں اور پنجابیوں کے درمیان نفرت کی آگ بھڑکانے کی ایک مذموم سازش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردی کے اس فتنے کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینک دیا جائے۔ ہفتہ کے روز کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر روینہ اختر نے کہا کہ دشمن کی یہ کوشش ہے کہ قوم کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کر کے پاکستان کو اندرونی خلفشار کا شکار بنایا جائے، مگر دشمن اپنی اس سازش میں پہلے بھی ناکام ہوا تھا اور اب بھی ناکام ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جس طرح 10 مئی 2025 کو پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ میں تاریخی فتح حاصل کر کے دنیا کو حیران کر دیا، اسی جذبے اور عزم کے ساتھ ہمیں بلوچستان میں سرگرم فتنے، بالخصوص خارجی عناصر اور ان کے سرپرستوں کو بھی شکست دینا ہو گی۔ ڈاکٹر روینہ نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کے خلاف جاری آپریشنز میں عوام کی حمایت کلیدی حیثیت رکھتی ہے اور قوم مکمل طور پر اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمنوں کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو چاہیے کہ ان حملوں کے پیچھے موجود بھارتی سازشوں اور بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں سے روابط کو دنیا کے ہر فورم پر بے نقاب کرے تاکہ اصل چہرے عالمی برادری کے سامنے آئیں۔