یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر مظفر آباد میں حریت کانفرنس کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد

اتوار 13 جولائی 2025 13:20

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر مظفر آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان جلسے اور ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت کنوینر غلام محمد صفی نے کی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تقریب میں حریت قائدین، سیاسی، سماجی، مذہبی ، مہاجراور طلباء تنظیموں کے رہنمائوں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

مقررین نے 13جولائی9131 کے شہدا ء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ پاکباز سپاہی تھے جنہوں نے دین اسلام کی سربلندی، انصاف اور ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ مقررین نے اس تاریخی دن کو کشمیری عوام کے لیے آزادی، حریت اور قربانی کا سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ ان شہدا ء نے اپنے مقدس لہو سے ہمیں حریت کا پیغام دیا، جسے ہم نسل در نسل اپنے دلوں میں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

مقررین نے واضح کیا کہ کشمیری قوم آج بھی اپنے شہدا ء کے مشن کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے اور بھارت کے جبری تسلط کے خلاف جدوجہد آزادی ہر حال میں جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم، قتل عام، جبری گرفتاریوں، ماورائے عدالت قتل، میڈیا پر پابندیوں اور عوامی املاک کی ضبطی کی شدید مذمت کی۔حریت رہنمائوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالیں کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے تمام غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات واپس لے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دینے کا وعدہ پورا کرے۔

مقررین نے بھارت کے حالیہ فالس فلیگ آپریشنز بالخصوص پہلگام واقعے کے بعد مسلط کردہ آپریشن سندور کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے پاک افواج کی طرف سے آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی پر قوم اور افواج پاکستان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اب مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت سے آگے بڑھ کر مزید موثر کردار ادا کرے گا۔

مقررین نے بھارتی جیلوں اور ٹارچر سیلوں میں نظربند کشمیری حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے خاص طورپر سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی بگڑتی صحت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت پر دبا ئوڈالے کہ وہ تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طورپررہا کرے اور انہیں طبی سہولیات فراہم کرے۔

ریلی کے دوران نوجوانوں نے شہدا ء اور آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند کئے۔ تقریب میںسابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان ،سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چودھری لطیف اکبر،ریاستی وزیر چوہدری رشید ،میئر مظفر آباد سکندر گیلانی،سینئر حریت رہنما سید یوسف نسیم ،شیخ یعقوب، سید گلشن ،عبدالمجید میر، زاہد اشرف ، نذیر کرنائی ،مشتاق الاسلام ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ سجاد ، ڈائریکٹر راجہ اسلم خان ، رہنما جماعت اسلامی راجہ آفتاب خان، شوکت جاوید میر ،عزیر غزالی ،تنظیر احمد ، چیرمین یونین کونسل مظفرآباد اقبال اعوان ،صائمہ شاہ ایم کیو ایم، کونسلر اقبال میر،کونسلر منظور اقبال بٹ،سجاد انور عباسی اوردیگرلوگوں نے شرکت کی۔