یوم شہداء جموں وکشمیر، آزادکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں جلسے کا انعقاد

مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے،مقررین

اتوار 13 جولائی 2025 15:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)13جولائی1931 کے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے زیراہتمام جموں وکشمیر لبریشن سیل کے تعاون سے آزادکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ جلسے میں کنوینئر آل پارٹیز حریت کانفرنس غلام محمد صفی، سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، سابق وزیراعظم سردارعتیق احمد خان، وزیرحکومت چوہدری محمد رشید، سید یوسف نسیم، ثاقب مجید، شوکت جاوید میرسمیت حریت رہنماوں اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی اور اپنے خطاب میں 13جولائی1931 کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیااور اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے تمام غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات واپس لے، اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دینے کا وعدہ پورا کرے۔

(جاری ہے)

مقررین نے پاک افواج کی طرف سے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کی تاریخی کامیابی پر قوم اور افواج پاکستان کو مبارکباد پیش کی۔جلسے کے اختتام پر اولڈ سیکرٹریٹ سے سینٹرل پریس کلب تک ریلی بھی نکالی گئی جس کی قیادت سپیکر چوہدری لطیف اکبر، سابق وزیراعظم سردارعتیق احمد، کنوئینرآل پارٹیز حریت کانفرنس غلام محمد صفی ودیگر نے کی۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کنوینئر آل پارٹیز حریت کانفرنس غلام محمد صفی نے کہا کہ 13 جولائی 1931 کو جو تحریک شروع ہوئی وہ ابھی تک اپنی تکمیل کو نہیں پہنچی۔

کشمیر کا تنازعہ حق خودارادیت کا مسئلہ ہے، ہندوستان اس مسئلہ کی ہیت تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔ ہندوستان نے مصنوعی طور پر خود کو بڑا ظاہر کرنے کی کوشش کی لیکن آپریشن بنیان مرصوص نے ہندوستان کو دنیا اور اپنے لوگوں کی نظروں میں بے نقاب کر دیا ہے۔

ہم نہ صرف حق خودارادیت بلکہ پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں۔سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ 13 جولائی 1931 کا دن تحریک آزادی کشمیر کا نقطہ آغاز ہے۔ اس قربانی نے اسوقت ہندوستان میں چلنے والی تحریک کو جلا بخشی، 1931 میں مہاراجہ کا ظلم و جبر اپنے عروج پر تھا، دنیا کی تاریخ میں اتنی لمبی تحریک شاید ہی کوئی ہو جتنی تحریک آزادی کشمیر ہے جو کہ 1931سے شروع ہوئی۔

انہوں نے کہاکہ قربانیوں کا احساس وہ لوگ کر سکتے ہیں جنہوں نے دکھ سہے ہوں۔چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیادہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی، بلاول بھٹو زرداری نے ہندوستان کو سفارتی محاذ پر بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کا حق خودارادیت ملنا چاہیے۔سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہاکہ تاریخ کو زندہ رکھنا سب کی ذمہ داری ہے جب تک کہ تحریک آزادی کشمیر اپنے منطقی انجام تک نہیں پہنچ جاتی اس وقت تک تحریک آزادی کشمیر کی مخالف قوتوں کا مقابلہ کریں گے اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نظریے کو مضبوط کریں گے۔

حریت رہنما سیدیوسف نسیم نے کہاکہ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پاک افواج نے مودی کے عزائم پر پانی پھیر دیا، پاکستان کی طرف اب کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری محمدرشیدنے کہاکہ 1931 کے عظیم شہداکی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں،تحریک آزادی کشمیر دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے، انشاء اللہ وہ دن دورنہیں جب کشمیری اپنی منزل حاصل کریں گے اور پاکستان کی تکمیل ہوگی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شوکت جاوید میر نے کہاکہ امسال پاکستان کا یوم آزادی تزک واحتشام کیساتھ منایاجائے، اللہ تعالیٰ نے جس طرح معرکہ حق میں پاکستان کو فتح سے ہمکنارکیا اس بار ایل او سی کے دونوں اطراف پہلے سے زیادہ جذبے اور عزم کے ساتھ مملکت خدادپاکستان کا یوم آزادی منایاجائے، پاکستان جتنا مضبوط ہوگاآزادی کی منزل اتنی قریب ہوگی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ثاقب مجید، حریت رہنما عزیر احمد غزالی، شوکت جاوید میر ودیگر نے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو کشمیریوں کے لیے مشعل راہ قراردیا۔تقریب میں میئر مظفر آباد سکندر گیلانی ،شیخ یعقوب، سید گلشن،عبدالمجید میر ذاہد اشرف، نزیر کرناہی،مشتاق السلام ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ سجاد، ڈائریکٹر راجہ اسلم خان،میڈیا کوآرڈینیٹر جموں و کشمیر لبریشن سیل سردار علی شان، سجاد انور عباسی، سول سوسائٹی و مہاجرین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔