پی ٹی آئی نے احتجاج نہیں انتشار کی کال دی ہے،ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے عوام نے انتشاری ٹولے کو مسترد کردیاہے،فرح ناز اکبر

منفی ، من گھڑت خبریں پھیلانے والوںکو ماضی کی طرح پھر شرمندگی ہوگی، اتحادی قوم کے ساتھ حکومتی حمایت میں اپنا کرداراداکررہے ہیں،مسلم لیگی رہنماو پارلیمانی سیکرٹری تعلیم

اتوار 13 جولائی 2025 18:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد شعبہ خواتین اسلام آباد کی صدر ورکن قومی اسمبلی ووفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ وقومی ورثہ فرح ناز اکبر نے جاری اپنے بیان میں کہاہے پی ٹی آئی نے احتجاج نہیں انتشار کی کال دی ہے،پاکستان جب بھی تعمیر وترقی کے راستے پر گامزن ہوتاہے تواسے غیر مستحکم کرنے کیلئے مفاد پرست ٹولہ اپنے غیر ملکی آقائوں کے ایماء پر انتشار اور احتجاج شروع کردیتاہے جو اُن کا پرانا وطیرہ رہاہے لیکن عوام اب مزید بے وقوف بننے کیلئے تیار نہیں وہ انتشاری ٹولے کی احتجاج کال کو یکسرمستردکرتے ہیں،مسلم لیگ(ن) ہی قوم کے خوابوں کی عملی تعبیر کی ضامن ہے، قائد نوازشریف نے پاکستان کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ویژن دیا، اُن کی سرپرستی میںملک نے ترقی کی وہ منازل طے کیں جنہیں عالمی ادارے بھی تسلیم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے ، موٹرویز،میٹروبسیں، اورنج ٹرین،سی پیک ،سڑکیں ،توانائی منصوبے،انفراسٹرکچرکی بہتری اور عالمی سطح پر مثبت تشخص مسلم لیگ(ن) کی کاوشوںکا نتیجہ ہے،ایک بارپھر قائدنوازشریف کی سرپرستی میں وزیراعظم شہبازشریف کی بدولت پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور سفارتی محاذپر زبھی آگے بڑھ رہاہے جو بھارت ہمیں دنیا میں آئسولیٹ کرناچاہتاتھا وہ دیکھ لے کہ آج پاکستان پوری دنیا کامرکز نگاہ بن چکا ہے، ایک طرف سفارتی کامیابی تو دوسری معاشی محاذ پر زبردست ترقی حاصل کرتے جا رہے ہیں،ترقی کے سفر کو روکنے اور اپنی جان کی خلاصی کیلئے احتجاج اور انتشار کی آڑ میںاگر بانی پی ٹی آئی اپنے بچوں کو سیاست میں لاناچاہتے ہیں تو اُن کے بچے ضرور پاکستان آئیں، ان کے بچوں کے آنے سے کوئی طوفان نہیں آئے گا،اگر وہ تحریک چلاناچاہتے ہیں تو چلائیں،بانی پی ٹی آئی کے بچے قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کریں اگرریاست پر چڑھائی کی کوشش کی تو قانون حرکت میں آئے گا ۔

مسلم لیگی رہنما فرح ناز اکبرنے مزید کہاکہ وزیراعظم میاں شہبازشریف نے سخت ترین حالات میں متعدد ملکوں کے کامیاب دودرے کرکے ملکی وقار کو چار چاند لگا دئیے ہیں اور ملکی معیشت کو استحکام دلانے کی خاطر جس بہترین حکمت عملی کو اپنایا،اسٹاک ایکسچینج کی رپورٹس سب کے سامنے ہیں، آج چائنہ، ترکیہ،آزربائیجان،قطر ،متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سمیت لاتعداد بڑے ملکوں کی جانب سے پاکستان کو مضبوط سہارادیاجارہاہے اور ایسٹیبلشمنٹ اور حکومت کے مابین جوورکنگ ریلیشن (باہمی اعتماد) پایاجاتاہے اس کی مثال نہیں ملتی اور یہ باہمی اعتاد نہ صرف ملکی سلامتی ،استحکام ،داخلی امن بلکہ ملکی معیشت کومضبوط بنانے کیلئے بڑامددگار ثابت ہو رہاہے اوراس اعتماد کاقائم رہنا مستقبل کی بہتری کیلئے بھی بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا کے ذریعے حالات وواقعات کی صداقتوں کارُ خ موڑنے کی کوششیں کرنے والے پہلے بھی ناکام رہے ہیں اور آئندہ بھی ناکام رہیں گے،تمام اتحادی جماعتیں وزیراعظم شہبازشریف کے ویژن کے مطابق اپنے حصے کا پورا پورا کردار اداکررہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور پاک آرمی داخلی امن کو یقینی بنانے کیلئے پوری طرح چوک سہے، محرم الحرام کے ایام میں ملک بھر کے اندر باالخصوص پنجاب میں وج امن و امان کی بہترین صورتحال دیکھنے کو آئی اور سیکورٹی کے بہترین انتظامات پر پوری قوم نے سکھ کا سانس لیا اور قائد نوازشریف،وزیراعلیٰ پنجاب کی متحرک اور ذمہ دارانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔