ْبنیان المصوص میں بھارت کو شکست دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،سید بازل نقوی

پیر 14 جولائی 2025 23:11

بٹراسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)ازاد جموں کشمیر کے وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ بنیان المصوص میں پاک فوج نے جس طرح بھارت کو شکست فاش دی اس پر پوری قوم پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے بھارتی خواب کو چکنا چور کر دیا اور پاکستان کا مقام عالمی سطح پر بلند ہوا۔

وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں سید بازل علی نقوی نے ان خیالات کا اظہار کیڈٹ کالج بٹراسی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنے کا خواب دیکھ رہا تھا اسے یہ معلوم نہیں تھا کہ پاکستان کی قوم کس قدر غیرت مند،جرات مند اور بہادر ہے انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت اور عسکری قیادت نے ساتھ مل کر جس طرح دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا ہمیں مستقبل میں بھی اسی اتحاد اور اتفاق کے ساتھ اگے بڑھنا ہے اور ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک پاکستان کے ساتھ محبت پیدا کریں اور سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف دشمن جو بھی پروپیگنڈا کر رہا ہے اسے ناکام بنانے کے لیے اپنا اہم کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے دلوں میں بستا ہے کشمیری عوام اور پاکستان کا تعلق گہرا ہے انشائاللہ الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے سید بازل علی نقوی نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد لازوال ہے شہدائے کشمیر کی قربانیاں بے مثال ہیں ان قربانیوں کے صدقے تحریک ازادی کشمیر زندہ ہے انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق انہیں ان کا حق خود ارادیت دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کس قدر تشویش کی بات ہے کہ اقوام متحدہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل درامد کرانے میں ناکام رہی ہے انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش اچھی بات ہے لیکن انہیں اس پر مسلسل زور دینا چاہیے اور اس میں اپنا اہم کردار بھی ادا کرنا چاہیے سید بازل علی نقوی نے کہا کہ طلبہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں کیونکہ تعلیم میں ترقی سے ہی وہ زندگی میں اعلی مقاصد حاصل کر سکیں گے انہوں نے بٹراسی کیڈٹ کالج کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ یہ کالج طلبہ کو بہترین تعلیم فراہم کر رہا ہے۔تقریب کے اختتام پر وزیر حکومت سید بازل علی نقوی کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔اس موقع پر سید بازل علی نقوی نے طلباء کو انعامات بھی دئیے۔