Live Updates

عمران خان کے نام پر ووٹ ملے، کوئی سودے بازی نہیں کروں گا، نااہلی پر جمشید دستی کا ردعمل

درخواست دہندگان کو الیکشن کمیشن نے وہ ریلیف بھی دے دیا جو انہوں نے مانگا بھی نہیں تھا، کوئی چیز نہیں مل رہی تھی اس لیے 2 ماہ سے فیصلہ محفوظ رہا؛ پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 جولائی 2025 15:37

عمران خان کے نام پر ووٹ ملے، کوئی سودے بازی نہیں کروں گا، نااہلی پر ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی 2025ء ) الیکشن کمیشن کی جانب سے نا اہل قرار دیئے جانے پر رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کا ردعمل سامنے آگیا۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نام پر ووٹ ملے تھے میں پارٹی کیخلاف کوئی سودے بازی نہیں کروں گا، نااہلی کے معاملے پرپارٹی سے مشاورت کےلیے اسلام آباد جارہا ہوں، اس کے بعد اپیل کا فیصلہ کروں گا، مجھے معلوم تھا کہ الیکشن کمیشن کا ممکنہ فیصلہ کیا ہوگا ، درخواست دہندگان کو الیکشن کمیشن نے وہ ریلیف بھی دے دیا جو انہوں نے مانگا بھی نہیں تھا، الیکشن کمیشن کو کوئی چیز نہیں مل رہی تھی، اس لیے 2 ماہ سے فیصلہ محفوظ رہا۔

بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو نااہل قرار دے دیا، الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے محفوظ فیصلہ جاری کردیا، ای سی پی نے اپنے فیصلے میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ریفرنس منظور کرلیا اور رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو نااہل قرار دے دیا، الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے رُکنِ قومی اسمبلی کو تعلیمی اسناد جعلی ہونے کی بنیاد پر نااہل قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ رواں برس مئی میں الیکشن کمیشن میں رکن قومی اسمبلی کے خلاف اثاثوں اور تعلیمی اسناد سے متعلق دائر درخواست کی سماعت مکمل کی تھی جس کے بعد تین رکنی کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، اب فیصلہ سناتے ہوئے ناصرف جمشید دستی کی نشست خالی قرار دیدی گئی بلکہ الیکشن کمیشن نے انہیں نااہل قرار دینے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اسناد سے متعلق جھوٹا بیان اور غلط ڈکلیئریشن دینے پر جمشید دستی کے خلاف کرپٹ پریکٹسز کی کارروائی بھی شروع کر دی، اس حوالے سے 3 رکنی کمیشن نے 27 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات