امریکی صدرٹرمپ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کوئی علم نہیں، دفتر خارجہ

ٹرمپ کے پاکستان کے دورے کے متعلق فی الحال کوئی معلومات نہیں ہیں، شفقت علی خان نے امریکی صدر کے دورہ پاکستان کی خبروں پر لاعلمی کا اظہار کردیا، امریکی خبررساں ادارے رائٹرز سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 17 جولائی 2025 15:25

امریکی صدرٹرمپ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کوئی علم نہیں، دفتر خارجہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17جولائی 2025)ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کوئی علم نہیں، ٹرمپ کے پاکستان کے دورے کے متعلق فی الحال کوئی معلومات نہیں ہیں، امریکی خبررساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت علی خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان کی خبروں پر لاعلمی کا اظہار کردیا۔

باضابطہ طور پر ہمیں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی کہ امریکی صدر ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرینگے۔ دوسری جانب خبر ایجنسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ 17 سے 19 ستمبر کر برطانیہ کا دورہ کریں گے۔ برطانوی رائل پیلس نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر کنگ چارلس کی دعوت پر برطانیہ پہنچیں گے۔قبل ازیں یہ اطلاعات آئیں تھیں کہ امریکی صدر ٹرمپ 18ستمبر کو پاکستان کادورہ کرینگے۔

(جاری ہے)

خیال رہے اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 18ستمبر کو پاکستان کے دورے پراسلام آباد پہنچیں گے۔سرکاری ذرائع کے مطابق امریکی صدر جنوبی ایشیاء کے دورے پر بھارت بھی جائیں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ سرکاری دورے پر بھارت جانے سے پہلے پاکستان پہنچیں گے۔،ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے سفارتی حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا تھا کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ دورہ پاکستان کے دوران صدرمملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل وآرمی چیف سید عاصم منیر سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کو بھارت نے دورے کی دعوت دی تھی۔ذرائع کے مطابق امریکی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تیاریاں شروع کر دی گئیں تھیں۔

حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں تقریب کا اہتمام کیا تھا۔امریکی صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں کیبنٹ روم میں ظہرانہ دیا تھا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی تھی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت سے جنگ روکنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا تھا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عاصم منیر کی شخصیت متاثر کن تھی۔ملاقات کے بعد اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھاکہ آج فیلڈ مارشل عاصم منیرسے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔ امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے تھے۔