جام کمال خان کی بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت،شہداء کو خراجِ عقیدت

جمعرات 17 جولائی 2025 19:01

جام کمال خان کی بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت،شہداء ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے بلوچستان کے ضلع آواران میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کے دوران پاک فوج کے بہادر افسر میجر سید ربنواز طارق کی شہادت اور ضلع قلات میں مسافر بس پر دہشت گردوں کے حملے میں معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق جام کمال خان نے ان واقعات کو بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی دہشت گرد تنظیم ‘‘فتنہ الہندستان’’ کی بزدلانہ کارروائیاں قرار یدیا۔‘میجر سید ربنواز طارق نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران فرنٹ سے قیادت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ اٴْن کی قربانی پاک فوج کے ناقابلِ تسخیر حوصلے اور عزم کی روشن مثال ہے۔

(جاری ہے)

قوم ان کے جذبے کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے قلات میں شہریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین و بچوں سمیت بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی بے حسی اور بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ ایسی کارروائیاں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں،ہم شہداء کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔وفاقی وزیر نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے محافظوں کے ساتھ ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پوری قوم کو اتحاد، یکجہتی اور عزم کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔انہوںنے کہاکہ یہ حملے صرف افراد پر نہیں بلکہ پاکستان کے امن، ترقی اور خودمختاری پر حملے ہیں۔ ریاست بھرپور قوت کے ساتھ ان عناصر کا صفایا کرے گی، اور ہم ان دشمنانِ انسانیت کو ہر صورت شکست دیں گے۔جام کمال خان نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔