قبائلی عوام نے ہمیشہ ملکی سرحدوں کی بغیرتنخواہ کے حفاظت کی ہے، گورنر خیبرپختونخوا

جمعہ 18 جولائی 2025 18:10

قبائلی عوام نے ہمیشہ ملکی سرحدوں کی بغیرتنخواہ کے حفاظت کی ہے، گورنر ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ قبائلی عوام نے ہمیشہ ملکی سرحدوں کی بغیرتنخواہ کے حفاظت کی ہے،صوبے میں امن وامان کی بحالی، ضم اضلاع کی ترقی و خوشحالی کیلئے سب کو مل کر کردار ادا کرناہوگا، وفاقی کمیٹی جرگہ سسٹم کی بحالی کیلئے ہے جس میں قبائلی عوام کی نمائندگی یقینی ہونی چاہئے۔

گورنر ہائوس پشاور حکام کی جانب سے جاری تفصیلات کےمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ڈاکٹر عالمزیب مہمند کی قیادت میں گورنر ہاؤس میں منعقدہ ضم اضلاع کے گرینڈ قبائلی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبائلی جرگہ میں ملک خان مرجان، بسم اللہ خان، ملک نائب خان سمیت باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، شمالی و جنوبی وزیرستان اور سابق ایف آرز کے قبائلی مشران و نوجوانوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

جرگہ سے ملک خان مرجان،بسم اللہ خان، ڈاکٹرعالمزیب نے بھی خطاب کیا اور گورنر کوقبائلی علاقوں کے مسائل بالخصوص فاٹا کے انضمام، امن وامان کی موجودہ خراب صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ عمائدین جرگہ نے باجوڑ سے لیکر وزیرستان تک امن وامان کی صورتحال پر بھی اپنی تشویش کا اظہارکیا۔ انہوں نے گورنرنے سے مطالبہ کیا کہ انضمام سے فاٹا کے مسائل حل نہیں ہوئے، فاٹاکا پراناسٹیٹس بحال کیاجائے اور قبائلی عوام کو ان کی رائے کے مطابق فیصلہ کاا ختیار دیا جائے، ضم اضلاع کے ہر ضلع میں کیڈٹ کالج اور گرلز کالجزتعمیرکئے جائیں۔

اراکین جرگہ نے گورنرسے معدنیات کی رائلٹی قبائلی اضلاع کودینے کابھی مطالبہ کیا۔ مشران نے گورنرسے اراکین جرگہ کی صدرمملکت آصف علی زرداری،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سینٹ چیئرمین یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر پی پی پی کے مرکزی قائدین سے ملاقات کا بھی مطالبہ کیا۔جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ گورنر ہاوس اس صوبے کے عوام کا اپنا گھر ہے، میری کوشش ہے کہ ضم اضلاع سمیت صوبہ بھر کے عوام کودرپیش مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کروں۔

گورنرنے جرگہ کو یقین دلایاکہ وہ صدر مملکت آصف علی زرداری، سینیٹ چیئرمین یوسف رضا گیلانی اوردیگر مرکزی رہنماؤں سے اراکین جرگہ کی ملاقات کروائیں گے تاکہ وہ اپنے مسائل سے انہیں خود آگاہ کرسکے۔ گورنرنے جرگہ کو یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کے حل کیلئے فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام مایوس نہیں ہوں گے، امن وامان اورترقی کیلئے مل کرکوششیں کریں گے اور قبائلی عوام کا مقدمہ ہر فورم پر دلیل کے ساتھ پیش کروں گا۔

گورنرنے کہاکہ عوامی اعتماد کی بحالی تک امن وامان اورترقی خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ گورنرنے اس بات پر زوردیا کہ مشران کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے نوجوانوں کااعتماد بحال کریں۔ گورنرنے کہاکہ وفاقی کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی شامل ہے تاہم قبائیلی عوام کی بھی نمائندگی ہونی چاہیے تاکہ جو فیصلہ ہووہ انہیں بھی قابل قبول ہو،ضم اضلاع اور صوبے کے عوام کو ان کا حق دلانے کیلئے ہر فورم پر بات کررہے ہیں اور پاکستان پیپلزپارٹی کے قائد شہیدذوالفقارعلی بھٹو نےجس طرح قبائلی علاقوں میں ہسپتال، تعلیمی ادارے قائم کیے تھے، اسی طرح آج بھی پی پی پی پی ضم اضلاع کے عوام کی حقوق کیلئے آواز اٹھارہی ہے اور ان کے مسائل ضرور حل کریں گے۔

آخرمیں ملک میں امن واستحکام اورترقی وخوشحالی کیلئے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔