م*بلاول بھٹو کا شہید شاہنواز بھٹو کو ان کی برسی پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت

}جرات اور جمہوریت کے لیے غیرمتزلزل ثابتقدمی کی علامت قرار دیا

جمعہ 18 جولائی 2025 20:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید شاہنواز بھٹو کو ان کی برسی کے موقع پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں جرات اور جمہوریت کے لیے غیرمتزلزل ثابتقدمی کی علامت قرار دیا ہے پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ شہید شاہنواز بھٹو کو جلاوطنی کے دوران شہید کردیا گیا تھا، لیکن اپنی مختصر زندگی میں انہوں نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے نوجوانوں کو جدوجہد اور قربانی کا درس دیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک انقلابی والد قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بہادر بیٹے تھے اور انہوں نے اپنے والد کے مشن کو دلیری اور استقامت کے ساتھ آگے بڑھایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید شاہنواز بھٹو کی وقت سے پہلے شہادت صرف ہمارے خاندان کا ذاتی نقصان نہیں تھی بلکہ یہ ہمارے ملک کی جمہوری جدوجہد کے دل پر ایک گہرا زخم تھا۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھٹو خاندان نے پاکستان کے عوام اور ایک منصفانہ، جمہوری اور برابری پر مبنی معاشرے کے خواب کی تکمیل کے لیے قربانیاں دیں۔

ہمارے شہیدوں کا لہو اس ملک میں جمہوریت کی جڑوں کو سیراب کرتا رہا ہے۔ ہم اٴْن کی قربانیوں سے طاقت حاصل کرتے ہیں اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شہید شاہنواز بھٹو جیسے رہنماؤں کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور ظلم و ناانصافی کے خلاف ثابت قدم رہیں۔