Live Updates

مون سون کے ابھی 4سے 5اسپیل آنے باقی ،اگلے برسوں سے مون سون سیزن جلد آئے گا ،مصدق ملک

گلیئشرز والے علاقوں میں پیشگی وارننگ سسٹم لگانے کی ضرورت ہے، ہم ایک گرین یونیورسٹی بنا رہے ہیں، وفاقی وزیرکاانٹرویو

جمعہ 18 جولائی 2025 22:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جولائی2025ء)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے پاکستان میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں او ر اس کی بڑھتی ہوئی سنگینی سے متعلق ہوشربا حقائق بے نقاب کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مون سون کے ابھی 4سے 5اسپیل آنے باقی ہیں اور اگلے برسوں سے مون سون سیزن نہ صرف جلد آیا کرے گا بلکہ اس کی شدت میں بھی اضافہ ہو گا۔

نجی ٹی وی کودیئے گئے ایک انٹرویومیں مصدق ملک نے کہا کہ مون سون میں شدت آتی جائے گی، پہلے مون سون کے 5اسپیل آتے تھے جو اب بڑھ جائیں گے، ابھی مزید اسپیل آئیں گے۔وفاقی وزیر نے صورت حال کی سنگینی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ مون سون کے ابھی 4سے 5اسپیل آنے باقی ہیں اور آگے مون سون کی شدت میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مون سون کا پیٹرن بھی بدل رہا ہے، ا گلے برسوں سے مون سون سیزن جلد آیا کرے گا، بارشوں کے راؤنڈ بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جو کلاڈ برسٹ سندھ میں ہوا تھا وہ ابھی چکوال میں نہیں ہوا، سندھ میں جو کلاڈ برسٹ ہوا تھا اس سے تو بڑی تباہی آئی تھی، چکوال میں بارش اور گلیشئر سے آنے والے پانی کا معاملہ نہیں ہے، چکوال میں کلاڈ برسٹ کا معاملہ ہوا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ فوج اور این ڈی ایم اے والے بر وقت امداد کیلئے پہنچ رہے ہیں، ہم نقصان کم سے کم ممکن بنانے کیلئے بہت کوششیں کر رہے ہیں، پولیس والے بھی سیلاب کی وجہ سے شہید ہوئے۔ مصدق ملک نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ جہاں ہمارے گلیئشرز ہیں وہاں پیشگی وارننگ سسٹم لگانے کی ضرورت ہے، تاکہ وقت سے پہلے پتا چلے کہ کیا ہونے والا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ایک گرین یونیورسٹی بنا رہے ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات