Live Updates

میرا مقصد سینیٹر بننا نہیں بلکہ اشرافیہ کا تکبر پاش پاش کرنا تھا، ناراض امیدوار خرم ذیشان کا مؤقف

اشرافیہ بند کمروں میں بندر بانٹ کرتے ہیں اور بلامقابلہ آ جاتے ہیں، اگر ہار جیت کی بات ہے تو میں جیت چکا ہوں، الیکشن ہوگا تو اس میں نتیجہ جو بھی ہو جیت نظریے کی ہے؛ پی ٹی آئی رہنماء کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 21 جولائی 2025 11:42

میرا مقصد سینیٹر بننا نہیں بلکہ اشرافیہ کا تکبر پاش پاش کرنا تھا، ناراض ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی 2025ء ) سینیٹ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے ناراض امیدوار خرم ذیشان کا کہنا ہے کہ میرا مقصد سینیٹر بننا نہیں بلکہ اشرافیہ کا تکبر پاش پاش کرنا تھا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اشرافیہ بند کمروں میں بندر بانٹ کرتے ہیں اور بلامقابلہ آ جاتے ہیں، اگر ہار جیت کی بات ہے تو میں جیت چکا ہوں، اس سے زیادہ اہم وجہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دشمنوں سے ہاتھ ملانے سے انکار تھا، جب الیکشن ہوگا تو اس میں نتیجہ جو بھی ہو جیت نظریے کی ہے، میں نے عمران خان سے سیکھا ہے کہ آزمائش کے وقت انسان کا اصل کردار سامنے آتا ہے، اپنے اعصاب کو فولاد کردیں تو آپ کو ہر دباؤ پر صرف ہنسی ہی آئے گی۔

دوسری طرف صوبہ خیبرپختونخواہ میں سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے والے تحریک انصاف کے 4 ناراض امیدوار اچانک انتخابی دوڑ سے دستبردار ہوگئے، جن میں عائشہ بانو، وقاص اورکزئی، ارشاد حسین اور عرفان سلیم شامل ہیں جب کہ پانچویں ناراض امیدوار خرم ذیشان اب بھی انتخابی دوڑ میں شامل ہیں، اس پیشرفت کے بعد تمام امیدواروں کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا امکان بڑھ چکا ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی مین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے ناراض امیدواروں کیخلاف پارٹی کارروائی کرے گی، اپوزیشن اور حکومت کے درمیان دھوکا دہی نہیں ہوگی، ہارس ٹریڈنگ کو ڈونکی ٹریڈنگ کہتا ہوں، گھوڑا ایک بڑا قابل عزت جانور ہے میں خود گھوڑوں کا بہت شوقین ہوں، دیکھا جائے تو گدھا بھی خدمت کرنے والا جانور ہے، سینیٹ میں خرید و فروخت اس سے بھی گھٹیا کام ہے، فیصلہ کیا ہے کہ سینٹ میں خرید و فروخت نہیں ہونی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار اتنا اچھا فیصلہ ہورہا ہے، اس سے پہلے پنجاب سینیٹ انتخابات میں ہم نے یہی کیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے جو فیصلہ کیا تھا اسی فارمولے پرعمل کریں گے، عدالتی احکامات کے تحت اب مخصوص نشستوں کے منتخب اراکین گورنر ہاؤس میں حلف لے رہے ہیں، ناراض امیدواروں کے خلاف پارٹی کارروائی کرے گی، عمران خان کے فیصلے کی نفی بانی پی ٹی آئی کی نفی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات