سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حافظ عبدالکریم کامیاب ہو گئے

پیر 21 جولائی 2025 22:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی جنرل نشست کے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار حافظ عبدالکریم کامیاب ہو گئے،مجموعی طور پر 345ووٹ کاسٹ ہوئے، حافظ عبد الکریم نے 243،تحریک انصاف کے حمایت یافتہ مہر عبدالستار نی99ووٹ حاصل کئے جبکہ 3ووٹ مسترد ہوئے ، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی سینیٹ کے انتخاب میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ۔

پروفیسر ساجد میر کے انتقال سے خالی ہونے والی سینیٹ کی پنجاب سے جنرل نشست پر انتخاب کے لئے پولنگ پنجاب اسمبلی کے ایوان میںہوئی ۔ صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ نے پریذائیڈنگ آفیسر کے فرائض سر انجام دئیے۔پولنگ کے آغاز سے قبل الیکشن کمیشن کے عملے کی جانب سے خالی بیلٹ باکس دکھائے گئے جس کے بعد انہیں سیل کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

پولنگ کا عمل صبح نو بجے سے سہ پہر چار بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا ۔

حکمران جماعت کے حمایت یافتہ حافظ عبد الکریم کی جانب سے رانا محمد ارشد اور جبکہ اپوزیشن کے امیدوار مہر عبد الستار کی جانب سے رانا شہباز نے پولنگ ایجنٹ کے فرائض سر انجام دئیے ۔ مری سے واپس لاہور پہنچ کر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی ایوان میں آئیں اور اپنا ووٹ کاسٹ کیا ۔گنتی کا عمل مکمل ہونے پر پریذائیڈنگ آفیسر نے نتائج کا اعلان کیا جس کے مطابق 368کے ایوان میں مجموعی طور پر 345ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے 3ووٹ مسترد کر دئیے گئے ۔

مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ حافظ عبدالکریم نے 243جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ مہر عبد الستار نے 99ووٹ حاصل کئے ۔ دو آزاد امیدوار اعجاز حسین منہاس اور خدیجہ صدیقی بھی میدان تھے ۔کامیاب ہونے کے بعد حکومتی اراکین کی جانب سے حافظ عبد الکریم کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور قیادت کے حق میں نعرے لگائے گئے ۔حافظ عبدالکریم نے نتائج کا اعلان ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے مجھے یہ کامیابی دی، نوازشریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ جمعیت الحدیث سے وفا کی، نوازشریف نے ہمیشہ ہمارا خیال رکھا جس پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، وزیراعظم شہباز شریف کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے عزت دی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بھی تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے اتحادیوں سے مل کر مجھے کامیاب کرایا۔

انہوںنے کہا کہ مریم نواز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں میں کام چھوڑ کر میرے لئے ووٹ کاسٹ کیا، مسلم لیگ (ق) ،پیپلزپارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے چیف ویپ رانا محمد ارشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ساجد میر کے جانشین حافظ عبد الکریم کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ، حافظ عبدالکریم 243 ووٹ لے کر دو تہائی اکثریت سے سینیٹ ممبر منتخب ہو چکے ہیں، انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے دو ووٹ اور اپوزیشن کا ایک ووٹ مستردہوا۔

استحکام پاکستان پارٹی کے شعیب صدیق نے کہا کہ اپنی پارٹی کے قائد عبد العلیم خان ، نوازشریف، شہباز شریف ، مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ حافظ عبد الکریم کو کامیابی دلوائی، اللہ نے ایوان بالا میں جس مقصد کیلئے منتخب کیا عوام کی آواز کو اٹھائیں گے، پیپلزپارٹی ،(ق) لیگ ،(ن)لیگ اور استحکام پارٹی ، اقلیتی ممبران کو بھی مبارکباد دیتا ہوں سب نے یک زبان ہوکر اپنا ووٹ کاسٹ کیا، سب مل کر ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔