راہول گاندھی کا مودی پرشدید وار، ٹرمپ نے جنگ بندی کا اعلان کیا، اوروزیراعظم خاموش رہے

بدھ 23 جولائی 2025 23:13

راہول گاندھی کا مودی پرشدید وار، ٹرمپ نے جنگ بندی کا اعلان کیا، اوروزیراعظم ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاک بھارت کشیدگی کے دوران جنگ بندی کا کریڈٹ لینے کے دعوؤں نے بھارتی سیاست میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ نے دنیا کے سامنے جنگ بندی کا دعویٰ کیا، مگر مودی حکومت نے ایک بار بھی اس کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھا۔

راہول گاندھی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم بیان کیسے دے سکتے ہیں کیا بولیں گی ٹرمپ نے خود اعلان کیا ہے۔ وہ یہ نہیں کہہ سکتے، لیکن یہ سچ ہے۔ انہوں نے مزید کہا پوری دنیا جانتی ہے کہ ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان سیزفائر کا اعلان کیا، اور یہ ایک ایسی حقیقت ہے جو چھپ نہیں سکتی۔

(جاری ہے)

راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ یہ صرف جنگ بندی کا مسئلہ نہیں، بلکہ دفاع، دفاعی مینوفیکچرنگ اور آپریشن سندورجیسے اہم معاملات پر بھی قوم کو جواب چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ حالات اچھے نہیں ہیں اور عوام سب کچھ جانتے ہیں۔اپوزیشن رہنما نے وزیراعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا جو لوگ خود کو ’دیش بھگت کہتے ہیں، وہ بھاگ گئے ہیں۔ وزیراعظم نے ٹرمپ کے 25 بار کیے گئے دعوے پر ایک بھی بار لب کشائی نہیں کی، اور یہی سچائی ہے جو اب چھپ نہیں سکتی۔ راہول گاندھی کے ان بیانات نے بی جے پی قیادت کے لیے ایک اور سیاسی چیلنج کھڑا کر دیا ہے، اور امکان ہے کہ آئندہ دنوں میں یہ معاملہ بھارتی پارلیمنٹ اور میڈیا میں مزید شدت اختیار کرے گا۔