اسرائیل جلد عبرت کا نشان بنے گا ظالم کی زندگی لمبی ضرور ہے جو بویاوہ کاٹنا پڑتا ہے،سربراہ پاکستان سنی تحریک

فلسطین وغزہ کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے عوام بھوک سے مررہے ہیں اسرائیل کو عالمی دہشتگرد قرار دیا جائے شاداب رضا نقشبندی

جمعرات 24 جولائی 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدشاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ اسرائیل جلد عبرت کا نشان بنے گا ظالم کی زندگی لمبی ضرور ہوتی ہے جو بویاوہ کاٹنا پڑتا ہے،فلسطین وغزہ میں قحط سالی اور امداد کی منتظر عوام پر بمباری کھلی دہشتگردی اور انسانیت سوز مظالم ہیں،اقوام متحدہ اسرائیل کے ظالمانہ انسانیت سوز مظالم کی سہولت کار ہے،اقوام متحدہ عالمی سطح پر انسانی حقوق کا رونا روتا ہے مگر فلسطین کی سنگین صورتحال پر اس کی خاموشی مجرمانہ غفلت ہے،غزہ میں غذائی قلت کے ذریعے اموات شرمناک اور پوری دنیا کیلئے دردناک ہے،امداد کی منتظر خاندان جو قطاروں میں کھڑے ہیں ان پر اسرائیل کی بمباری ظلم وستم اور بربریت کی انتہا ہے،امریکا کی انتظامیہ کا کردار غزہ کے معاملے پر انسانیت دشمنی پر مبنی ہے امریکہ مکمل اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات کے ساتھ کھڑا ہے،ٹرمپ کس طرح نوبل انعام کے مستحق ہوسکتے ہیں وہ خود انسانیت دشمن اسرائیل کی کاروائیوں کا ساتھ دے رہے ہیں،امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات نے غزہ میں غذا نہ ہونے کے سبب معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر احتجاج کیاتو ٹرمپ انتظامیہ نے کولمبیا یونیورسٹی پر دبا ڈال کر 80طالبعلموں کو ایک سے تین سال کیلئے معطلی کا نوٹس بھیجوادیا،حق بات کرنا اور مظلوم کے حق کیلئے احتجاج کرنا ٹرمپ انتظامیہ نے جرم بنادیا، فلسطین وغزہ کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے عوام بھوک سے مررہے ہیں اسرائیل کو عالمی دہشتگرد قرار دیا جائے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین وغزہ میں قلت غذا سے اموات پر گہری تشویس اور نہتے غذا کے منتظر قطاروں میں عوام پر اسرائیلی حملوں کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کیا،محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ اوآئی سی کو اسرائیل کے ظالمانہ اور انسانیت دشمن حملوں کے خلاف جہاد کا اعلان کرنا چاہیے،غزہ کے مظلوم مسلمان امت مسلمہ اور مسلم حکمرانوں کو مدد کیلئے پکار رہے ہیں،اسرائیل نے فلسطین وغزہ کے مسلمانوں پر قحط سالی اور زندگی کو ختم کرنے کے تمام مظالم اختیار کئے ہوئے ہیں،پوری دنیا فلسطین کے عوام کو امداد دینا چاہتی ہے مگر اسرائیل نے تمام باڈرز سیل کئے ہوئے ہیں اور امدادی قافلوں اور کارکنوں پر بھی حملے کررہا ہے،بتایا جائے اسرائیل کو لگام کون دیگا اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی،اقوام متحدہ اور عالمی عدالت کہاں ہے انصاف کا قتل کیوں ہورہا ہے،نعالمی اداروں سے یتن یاہو کو فوری پھانسی دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔