احتجاج کے نام پر انتشار سے گریز کیا جائے ، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 25 جولائی 2025 15:41

احتجاج کے نام پر انتشار سے گریز کیا جائے ، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج سیاسی جماعت کا حق ہے ، احتجاج کے نام پر انتشار سے گریز کیا جائے ، عوام اور افواج پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہے ہیں، وزیر اعلیٰ کے پی کے فتنتہ الہندوستان کے ساتھ ہمدردیاں نہ نبھائیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تاریخ پرامن احتجاج کی نہیں بلکہ انتشار کی رہی ہے، انہیں چاہئے کہ وہ ماضی کی غلطیاں دہرانے کے بجائے ماضی سے سبق سیکھیں اسی میں بھلائی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سردار سلیم حیدر نے کہا کہ فتنتہ الہندوستان دشمن کے ایجنڈے پر کاربند ہے، وزیر اعلیٰ کے پی کے ملک دشمن عناصر کے ساتھ ہمدردی کے بجائے فتنتہ الہندوستان کے خلاف آپریشن میں حکومت اور سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں، دہشت گرد ہمارے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ، بلوچستان اور کے پی کے میں لوگ سب سے زیادہ نشانہ بن رہے ہیں، میرے اپنے حلقے کے لوگوں کو اغواکیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت کو وفاق اور سکیورٹی فورسز کا ساتھ دینا چاہئے۔