ضلع شہید بینظیرآباد میں یومِ آزادی اور "معرکۂ حق" قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا،ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد

جمعہ 25 جولائی 2025 17:51

نوابشاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) ملک بھر کی طرح ضلع شہید بینظیرآباد میں بھی یومِ آزادی پاکستان اور ’’معرکۂ حق‘‘ قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ’’معرکۂ حق‘‘ اور یومِ آزادی پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔

اس سلسلے میں کھیلوں کے مقابلے و دیگر پروگرام یکم اگست سے 14 اگست تک جاری رہیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ 14 اگست کو جشنِ آزادی کی مرکزی تقریب ڈی سی آفس میں منعقد کی جائے گی جبکہ اس موقع پر تھلیسیمیا سینٹر، جیل اور اسپتالوں میں مٹھائی اور پھل بھی تقسیم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی دفاتر میں یومِ آزادی اور ’’معرکۂ حق‘‘ کی مناسبت سے تقریبات منعقد کریں۔

میونسپل اور ٹاؤن انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ بھی خصوصی پروگراموں کا انعقاد کریں اور شہروں میں صفائی کے بہتر انتظامات کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اسپورٹس آفیسر کو ہدایت دی کہ یکم اگست سے 14 اگست تک کھیلوں کے شاندار مقابلے منعقد کروائے جائیں۔اجلاس میں میئر قاضی محمد رشید بھٹی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسداللہ ڈاہری، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مرتضیٰ گوہر صالحانی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری محمد سلیم بھٹی، میونسپل کمشنر عبدالرزاق شیخ کے علاوہ پولیس، رینجرز، ریسکیو 1122، ٹریفک پولیس، فاریسٹ، پاپولیشن، جیل، اینٹی کرپشن، اسکاؤٹس سمیت تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل و ٹاؤن افسران نے شرکت کی۔\378