Live Updates

عمران خان کی رہائی کا امکان ہے نہ بیٹے پاکستان آئیں گے، فیصل کریم کنڈی

پی ٹی آئی صوبے میں دھڑے بندی کا شکار ہے، یہ لوگ 5 اگست کے احتجاج کیلئے 20 گاڑیاں بھی نہیں لاسکتے، گورنرخیبرپختونخوا

ہفتہ 26 جولائی 2025 22:57

عمران خان کی رہائی کا امکان ہے نہ بیٹے پاکستان آئیں گے، فیصل کریم کنڈی
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عمران خان کے جیل سے باہر آنے کے امکانات دکھائی نہیں دے رہے ،ان کے بیٹے بھی پاکستان نہیں آئیں گے۔پشاور میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ فاٹا کے معالات کو حل کرنے کے لیے قبائلی عمائدین پر مشتمل جرگہ تشکیل دیاجائے، قبائلی جرگے میں فاٹا کے سابق اراکین پارلیمنٹ، سیاسی نمائندے اور دیگر شامل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا کا انضمام آئینی ترمیم کے بغیر ممکن نہیں، فاٹا کے انضمام کے وقت کیے گئے وعدے کے مطابق مختص فنڈز جاری کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورت حال انتہائی مخدوش ہے، دن دہاڑے تاجروں اور مقامی رہنماں سمیت عام عوام سے بھتہ وصول کیا جا رہا ہے، ڈی آئی خان میں عصر کے بعد شہری گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاقی حکومت کے منصوبوں کی تمام تر توجہ پنجاب پر مرکوز ہے، وفاق کی لیپ ٹاپ اسکیم ،یوتھ اسکیم اور دانش اسکولوں سے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ارباب نیاز اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش غیر معیاری ہے، خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے معیاری گرانڈز نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ وہاں نہیں ہوسکا۔ گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی صوبے میں دھڑے بندی کا شکار ہے، یہ لوگ 5اگست کے احتجاج کیلئے 20گاڑیاں بھی نہیں لاسکتے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات