صدر پاکستان آصف علی زرداری کی 70 ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد، تقریب میں گورنر پنجاب کی بحثیت مہمان خصوصی شرکت

پیر 28 جولائی 2025 19:00

صدر پاکستان آصف علی زرداری کی 70 ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد، تقریب ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) گورنر انیکسی راولپنڈی میں صدر پاکستان آصف علی زرداری کی 70 ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے بھی خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

گورنر پنجاب نے سابق وزیر اعظم کے ساتھ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی 70 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔تقریب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری کی صحت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت کی بدولت موجودہ جمہوری نظام چل رہا ہے۔

(جاری ہے)

اگر پاکستان پیپلز پارٹی آج مکمل حالت میں ملی ہے تو اس کا کریڈٹ صدر آصف علی زرداری کو جاتا ہے۔

عظیم قائد محترمہ بے نظیر بھٹو نے وصیت کے ذریعے پارٹی کی قیادت آصف علی زرداری کو سونپی۔ بی بی شہید کی شہادت کے بعد آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پیپلز پارٹی کے لیے بہت مشکل وقت تھا، صدر زرداری نے پارٹی کو سنبھالا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے، آج قومی و صوبائی اسمبلیوں میں پارٹی کی بھرپور نمائندگی موجود ہے۔

اب پی پی کی قیادت شہیدوں کے وارث بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ میں ہے۔بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے اگلے وزیراعظم ہوں گے۔ انہیں پیپلز پارٹی کا جیالا ہونے پر فخر ہے۔ بھارت کے ساتھ جنگ میں چین نے ہمارا ساتھ دیا،اس کی ایک بڑی وجہ آصف علی زرداری کے پہلے دور کے 14 چین کے دورے تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاق پاکستان کا جھنڈا تھاما ہوا ہے۔ انہوں نے مشکل حالات میں پارٹی کی قیادت سنبھالی۔صدر زرداری مفاہمت کے بادشاہ ہیں،آج تنقید کرنے والے انکی مفاہمتی پالیسی کے قائل ہیں۔ صدر زرداری کی جمہوریت کے لیے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔