نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے،دفتر خارجہ

پیر 28 جولائی 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار پیر (28 جولائی) کو اقوام متحدہ میں مصروف دن گزاریں گے۔وہ اقوام متحدہ کی اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ کانفرنس کا عنوان ’’فلسطین کے مسئلے کا پرامن حل اور دو ریاستی حل کا نفاذ‘‘ ہے جس کی میزبانی سعودی عرب اور فرانس کر رہے ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اور فرانسیسی وزیر جین نول بیروٹ کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ واضح رہے کہ کانفرنس 28 جولائی سے 30 جولائی تک جاری رہے گی۔سینیٹر محمد اسحاق ڈار کانفرنس کے عمومی اجلاس میں پاکستان کا بیان پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ بین الاقوامی فلسطین کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر متعدد دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں مصر، کویت، بنگلہ دیش کے مشیر برائے امور خارجہ اور اردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سے ملاقات شامل ہے۔

اسی طرح نائب وزیراعظم فلسطین کے وزیراعظم محمد مصطفیٰ سے بھی ملاقات کریں گے۔مزید برآں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاکستان مشن میں امریکہ میں مقیم پاکستانی صحافیوں کے ساتھ ایک پریس بریفنگ سے بھی خطاب کریں گے۔