فاروق رحمانی کی مقبوضہ کشمیرمیں جعلی مقابلے میں تین کشمیریوں کی شہادت کی مذمت

کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کا جواز پیش کرنے کیلئے ان پر عسکریت پسندوں سے روابط کا جھوٹا الزام لگایاگیا

منگل 29 جولائی 2025 17:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سینئر رہنماء محمد فاروق رحمانی نے سرینگر کے بالائی علاقے میں تین کشمیری نوجوانوں کی ایک جعلی مقابلے میں شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خانہ بدوش گوجر بکروال برادری کے خلاف جاری وحشیانہ فوجی مہم کا حصہ قرار دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اس جعلی مقابلے کی پہلے سے منصوبہ بندی کی گئی تھی اورکشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کا جواز پیش کرنے کیلئے ان پر عسکریت پسندوں سے روابط کا جھوٹا الزام لگایاگیا۔

انہوں نے کہاکہ یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک مختصر جنگ کے بعد تنازعہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی تھی۔

(جاری ہے)

فاروق رحمانی نے کہا کہ کشمیری 5اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے، جب 2019میں مودی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر منسوخ کر دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کا یہ اقدام تقسیم ہند کے منصوبے ، اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام ریاست کو عالمی نقشے سے مٹانے کے مودی حکومت کے ہندوتوا پر مبنی منصوبوں کو قبول نہیں کرتے۔ فاروق رحمانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر ی عوام بھارتی تسلط سے آزادی اور منصفانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔