پونچھ،بھارتی فوجیوں نے جعلی مقابلے میں2نوجوان شہید کر دیئے

امیت شاہ کے بیانات بھارتی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی بھونڈی کوشش ہے، حریت کانفرنس

بدھ 30 جولائی 2025 19:42

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی ایک اور کارروائی میں آج ضلع پونچھ میں دو بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کو بھارتی فوجیوں، پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں نے ضلع کے علاقے کسلیاں میں محاصرے اور تلاشی کی ایک مشترکہ کارروائی کے دورا ن جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا۔

قبل ازیں بھارتی فوجیوں نے پیر کے روز سری نگر کے علاقے داچھی گام میں تین نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا تھا۔دریں اثنا، بھارتی فوجیوں نے ضلع کٹھوعہ کے علاقوں چبہ چک، رام پور اور راجباغ میں آج مسلسل دوسرے روز بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

بھارتی پولیس نے جموں کے علاقے نگروٹہ میں ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ’’حریت کانفرنس ‘‘کے خلاف بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اشتعال انگیز بیانات کی مذمت کرتے ہوئے اسے مقبوضہ علاقے میں بھارت کی سیاسی اور فوجیوں ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی ایک بھونڈی کوشش قرار دیا ۔انہوںنے کہا کہ امیت شاہ کے بیانات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ بھارت کشمیری عوام کی غیر متزلزل مزاحمت سے کس قدر پریشانی کا شکا رہے۔

ترجمان نے کہا کہ حریت کانفرنس جموں و کشمیر کے عوام کی ایک مستند سیاسی آواز ہے جو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حق خود ارادیت کے کشمیریوں کے مطالبے کی نمائندگی کرتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ آپریشن سندور کی عبرتناک شکست سے بوکھلاہٹ کی شکار مودی حکومت نے کشمیری نوجوانوںکا جعلی مقابلوں میں قتل کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔بھارتی میڈیا کی اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم رہنما آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے حوالے سے مذموم مہم کے خلاف مقبوضہ جموں وکشمیر کے خطے کرگل میں ایک زبردست احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے زیر اہتمام ریلی میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔کشمیری عالم دین مولانا وسیم رضا قمی نے بھی ایک بیان میں بھارتی ذرائع ابلاغ کی توہین آمیز مہم کی مذمت کی۔ ادھر ضلع گاندربل کے علاقے کلاں میں بھارتی فوجیوں سے لدی ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر دریائے سندھ میں گرنے سے سولہ فوجی زخمی ہوگئے۔