علمائے حق سورھیہ بادشاہ کے افکار و مشن کے حقیقی وارث ہیں، سردار عبدالرحیم

فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سے علماء مشائخ سندھ کے صدر مولانا محمدامین انصاری کی وفدکے ہمراہ ملاقات

جمعرات 31 جولائی 2025 17:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم سے PMLFعلماء مشائخ ونگ سندھ کے صدر مولانا محمدامین انصاری کی قیادت میں صوبائی رہنما شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد دائود کے ہمراہ وفد نے ملاقات کی ۔ کراچی سمیت ملکی سیاسی صورت حال ، تنظیمی امور ، عقیدہ ختم نبوت ، مسئلہ فلسطین و کشمیر ، دفاع افواج پاکستان ودیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

فنکشنل علماء مشائخ ونگ سندھ کومزید منظم و فعال کرنے کیلئے صوبائی سیکریٹریٹ کے قیام کی منظوری دی گئی۔ وفد نے سردار عبدالرحیم کو متحدہ علماء محاذ اور فنکشنل علماء مشائخ سندھ کے زیر اہتمام وحدت امت سیرت مصطفی کی روشنی میں سیمینار میں بطور صدارت شرکت کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلی۔

(جاری ہے)

سردار عبدالرحیم نے کہا کہ حریت پسند علمائے حق حروں کے روحانی پیشواء سورھیہ بادشاہ شہید کے انقلابی افکار و مشن کے حقیقی وارث و امین و علمبردارہیں۔

علمائے حق انگریز کی غلامی کے اسیر ظالم حکمرانوں کے مذموم مقاصد و عزائم میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں جو محراب و منبر سے اسلام ، مقاصد پاکستان، حمایت فلسطین و کشمیراور دفاع ملک و ملت و افواج پاکستان کیلئے عوام میں شعور و بیداری کافریضہ انجام دے رہے ہیں۔ اور فرقہ واریت ، مذہبی منافرت کے خاتمے اور امن و اتحاد کیلئے قابل تقلید و ستائش جدوجہد کررہے ہیں۔

ملاقات میں مشترکہ طورپر ایران پر گزشتہ ماہ 12روزہ اسرائیلی ،امریکی جارحیت کے خلاف فتح مبین پر رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنائی اور بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان کے کامیاب بنیان مرصوص آپریشن کی عظیم فتح و کامیابی پر انہیں خراج تحسین پیش اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیاگیا۔ وفد میں اسلامیہ کالج کے بانی ایم اے قریشی کی پوتی اور محمد حسین قریشی کی صاحبزادی محترمہ حسنہ قریشی اور میڈیا کوآرڈینیٹر فاروق احمد ریحان بھی شامل تھے۔