Live Updates

آئین سے باہر نکلنے والے کوحکمرانی کا حق ہے نہ ہم اسے تسلیم کریں گے

ملک کے 47 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں، تحریک تحفظ آئین پاکستان پسے ہوئے طبقات کے لیے تحریک چلائے گی، محمود خان اچکزئی

جمعہ 1 اگست 2025 18:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اگست2025ء)سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی نے کہاہے کہ سب کو ملک کا آئین ماننا ہوگا، جو بھی آئین کے دائرے سے باہر نکلے گا اسے نہ پاکستان پر حکمرانی کا حق ہے نہ ہم اسے تسلیم کریں گے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک کے 47 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں، تحریک تحفظ آئین پاکستان پسے ہوئے طبقات کے لیے تحریک چلائے گی۔

انہوں نے کہاکہ نے تحریک میں جلد بازی نہ کرنے کیلئے پی ٹی آئی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تحریک میں جلد بازی کے لیے اپنے اکابرین کو تنگ نہ کریں، سب نے مل کر تحریک چلانی ہے۔ جبکہ سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں دی جانے والی سزائیں افسوسناک ہیں، 1970ء کے انتخابات میں بنگالیوں کا مینڈیٹ تسلیم کرلیا جاتا تو پاکستان نہ ٹوٹتا، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر انتظام آل پارٹیز کانفرنس کے دوسرے روز خطاب میں محمد زبیر نے کہا کہ مصطفیٰ کھوکھر کی قیادت میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کرنا خوش آئند ہے، جمہوریت اور عوامی مسائل پر رائے اور عمل طے کرنا وقت کی ضرورت ہے، اپوزیشن کا مطلب صرف تنقید نہیں، اچھی پیش رفت کا تذکرہ بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹریڈ ٹیرف میں پیش رفت خوش آئند ہے، پاکستان کو 19 فیصد ٹیرف ملا، جو پہلے کے مقابلے میں بہتر ہے، اگر ملک میں اچھی گورننس اور سیاسی استحکام رہا تو برآمدات کو فروغ ملے گا۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کے قانون میں ہر جرم کی سزا اور پراسس واضح ہے، انصاف کا تقاضا ہے کہ تمام فریقین کو برابر کا دفاعی حق ملے، جیسے ہی نظام بدلتا ہے سزائیں کالعدم ہو جاتی ہیں، نواز شریف کی واپسی پر عدالتیں ایئرپورٹ پہنچ گئیں۔ سابق گورنر سندھ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اسمبلیاں تحلیل کیں یہ ان کا آئینی حق تھا، 90 دن میں انتخابات نہ کروا کر آئین کی خلاف ورزی کی گئی، کہتے ہیں پارلیمنٹ سپریم ہے تحریک انصاف نے 125 سیٹوں پر استعفیٰ دیا، پارلیمنٹ کی مدت 16 مہینے باقی تھی، انہوں نے 16 مہینے ضمنی الیکشن ہی نہیں کروائے کیونکہ اس سے پہلے 10 سیٹوں پر عمران خان ضمنی الیکشن جیت گئے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات