جشنِ آزادی معرکہ حق کے عنوان سے منایا جائے گا،وزیراعلی سندھ

جمعہ 1 اگست 2025 22:30

جشنِ آزادی معرکہ حق کے عنوان سے منایا جائے گا،وزیراعلی سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز آج سے ہو چکا ہے ،جشنِ آزادی معرکہ حق کے عنوان سے منایا جائے گا۔جمعہ کو وزیر اعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن آزادی تقریبات سے متعلق منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، سنی تحریک، ٹی ایل پی کے نمائندوں نے شرکت کی۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف تاریخی فتح حاصل کی ہے، بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر قوم پاک افواج پر فخر کرتی ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جشن آزادی پر تمام اختلافات سے بالاتر ہو کرہم متحد ہیں، تمام جماعتوں نے یکجہتی سے جشن آزادی منانے پر اتفاق کیاہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ ہم سندھ حکومت کے ساتھ جشن آزادی کی تقریبات میں ہیں۔اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل میمن نے جشن آزادی تقریبات کا تفصیلی شیڈول پیش کیا، جشن آزادی یکم تا 14اگست تک شاندار انداز میں منائیں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ 5اگست کو کشمیری عوام سے یکجہتی کا دن منایا جائے گا،بھارت نے 5اگست کو کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کر کے ظلم کیا۔

وزیراعلی سندھ نے کہاکہ کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، صوبائی وزرا، شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور محمد بخش مہر، علی خورشیدی، شبیر قریشی، ریحان بندوکڈا جبکہ جماعت اسلامی کے منعم ظفر اور مولانا غیاث، سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری، ٹی ایل پی کے مفتی قاسم اور عارف نے شرکت کی۔