وزیراعلیٰ کا بیان توڑ مروڑ کر پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل کروانے کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، بیرسٹر سیف

جمعہ 1 اگست 2025 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا بیان توڑ مروڑ کر پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل کروانے کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ کلبھوشن یادیو، پاکستان میں بھارتی جرائم کا واضح ثبوت ہے،کلبھوشن یادیو کے جرائم کی طویل فہرست بھارت کا فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل کرنے کی راہ ہموار کرتی ہے، اپنے دفتر سے جاری بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بھارت کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کے واضح ثبوت موجود ہیں، بھارت کی دہشت گردی میں ملوث ہونے کے تمام شواہد فیٹف حکام کو پیش کیے جائیں گے۔

جنگ میں شکست کے بعد بھارت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ پاکستانی فوج سے شکست کے بعد بھارت اب پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل کروانے کے خواب دیکھ رہا ہے جو کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہ ہوگا۔

(جاری ہے)

جنگ میں شکست کے بعد پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں بھارت دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہا ہے جسکے واضح ثبوت موجود ہیں۔

بزدل دشمن معصوم جانوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی میں ہماری افواج نے بھارت کو شکست فاش دیکر انکا غرور خاک میں ملایا اس لئے اب پاکستان میں دہشت گرد کاروائیں میں مصروف عمل ہیں۔ بزدل بھارت دشمن میں سامنے سے وار کرنے کی جرات نہیں ہے اسلئے چھپ کر وار کرتے ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ بھارت علی امین گنڈاپور کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے پر دل جوئی نہ کریں۔ وزیراعلی خود بھارت کے خلاف فیٹف جائیگا اور صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت انکے سامنے پیش کریں گے۔