پی ایف یو جے کی پلاٹینم جوبلی پر وزیراعلی سندھ کا آزادی صحافت کو خراج تحسین

صحافتی تنظیموں نے ہر دور میں جمہوری جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا، ذوالفقار علی بھٹو نے آمریت کے خلاف ڈٹ کر موقف اپنایا، مراد علی شاہ شہید بے نظیر بھٹو نے صحافیوں کے رہائشی مسائل حل کرنے میں سنجیدہ کردار ادا کیا، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں میڈیا کی آزادی و خودمختاری کو فروغ دیا جا رہا ہے، صحافیوں نے ہر دور میں سنسرشپ کے خلاف بہادری سے مزاحمت کی، سچائی کی تلاش کو صحافت کا بنیادی اصول بنانا وقت کی ضرورت ہے، وزیراعلی سندھ

ہفتہ 2 اگست 2025 21:30

․کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یوجی)کی پلاٹینم جوبلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کی 75 سالہ مسلسل جدوجہد اور آزادی صحافت سے وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اپنے خطاب میں وزیراعلی نے پاکستان میں صحافتی تنظیموں کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ یونین آف جرنلسٹس کے 1948 میں قیام سے لے کر آج تک یہ تنظیمیں صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور سیاسی جدوجہد کے ہر دور میں نمایاں کردار ادا کرتی آئی ہیں۔

مراد علی شاہ نے سابق وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آمریت کے خلاف جرات مندانہ موقف اختیار کیا، اور ساتھ ہی ان صحافیوں کو بھی سراہا جنہوں نے جبر کے دور میں قربانیاں دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے موجودہ دور میں صحافیوں کو درپیش چیلنجز، خاص طور پر مالی مشکلات اور تنخواہوں میں تاخیر کا ذکر کرتے ہوئے فوری اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا "آج کا صحافی شدید معاشی اور پیشہ ورانہ بحران کا شکار ہے۔ میڈیا ادارے مالی دبا کا شکار ہیں اور کئی صحافی مہینوں تنخواہوں سے محروم رہتے ہیں۔ جب ایک صحافی اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے پریشان ہو تو وہ ناانصافی کے خلاف کیسے آواز بلند کری"انہوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ آزادی صحافت کی سب سے بڑی علمبردار تھیں۔

انہوں نے صحافیوں کے رہائشی مسائل پر سنجیدہ اقدامات کیے اور میڈیا کے حقوق کے لیے احتجاج کی قیادت بھی کی۔ وزیراعلی نے کہا "شہید محترمہ بے نظیر بھٹو وہ پہلی قومی رہنما تھیں جنہوں نے صحافیوں کے رہائشی مسائل کو سنجیدگی سے لیا اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے۔ ان کی میراث اس بات کا ثبوت ہے کہ ایک آزاد صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔

"وزیراعلی نے موجودہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے میڈیا اور صحافیوں کے لیے جاری اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا "چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہم صحافیوں کی فلاح و بہبود اور میڈیا اداروں کی مالی خودمختاری کے لیے عملی اقدامات کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ایک مضبوط، آزاد اور خودمختار صحافت ہی ایک خودمختار اور جمہوری پاکستان کی ضمانت ہے۔

"مراد علی شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت پی ایف یوجے اور دیگر صحافتی اداروں کے ساتھ مل کر ایسے پائیدار اقدامات کرے گی جو صحافیوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائیں گے اور میڈیا ہاسز کی آزادی کو مضبوط کریں گے۔انہوں نے مختلف ادوار میں سنسرشپ کے خلاف صحافیوں کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے خاص طور پر جنرل ضیا الحق کے مارشل لا اور 1998 میں جنگ گروپ کے خلاف ریاستی کارروائیوں کا ذکر کیا۔

وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ آزادی اظہارِ رائے کی جنگ میں صحافیوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر پی ایف یوجی کی 75 سالہ جدوجہد کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سچائی کی تلاش کو ایک بار پھر صحافت کا مرکز بنایا جائے گا "جب ہم PFUJ کی 75 سالہ شاندار جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، تو یہ وقت ہے کہ ہم شفاف، جوابدہ میڈیا کے لیے اپنی ذمے داری کا اعادہ کریں۔

ہمارا مقصد یہی ہونا چاہیے کہ سچائی کی تلاش صحافت کا بنیادی اصول بن جائے۔"یہ تقریب جمہوری اقدار کی پاسداری اور اس عزم کی یاد دہانی تھی کہ صحافی بغیر خوف و خطر سچ بیان کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ وزیراعلی نے پی ایف یوجے کی قیادت، کارکنوں اور ان تمام نڈر صحافیوں کو دلی مبارکباد دی جنہوں نے سچائی کے علم کو ہمیشہ بلند رکھا۔