گورنر سندھ کی جانب سے پی ایف یو جے کی 75ویں سالگرہ پر ظہرانے کا اہتمام،ملک بھر سے ممتاز صحافیوں کی شرکت

اتوار 3 اگست 2025 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے)کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر گورنر ہائوس کراچی میں پروقار ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں ملک بھر سے ممتاز صحافیوں نے شرکت کی۔اتوار کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے اپنے خطاب میں صحافت کو ایک مقدس پیشہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سچ کی تلاش اور عوام کی آواز بننا صحافیوں کا اصل مشن ہے۔

جمہوریت کے فروغ، سماجی انصاف اور قومی ترقی میں میڈیا کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں گورنر ہائوس صرف خواص کے لیے تھا، مگر آج ہم نے خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر اس کے دروازے عوام کے لیے کھول دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی نہ صرف پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے بلکہ ملک کی معاشی شہ رگ بھی ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، بندرگاہوں، صنعتوں، تجارتی سرگرمیوں اور ٹیلنٹ کے اعتبار سے یہ شہر پورے پاکستان کی اقتصادی ترقی کا انجن ہے، اس شہر کو مستحکم اور خوشحال بنائے بغیر قومی ترقی ممکن نہیں۔

تقریب میں کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یوجے)کے صدر طاہر حسن نے گورنر سندھ کے عوامی فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں دیگر صوبوں کے لیے مثالی رہنما قرار دیا جبکہ پی ایف یو جے کے جنرل سیکرٹری ارشد انصاری نے گورنر ہائوس کو عوام کے لیے کھولنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کامران خان ٹیسوری کو "عوامی گورنر" کا لقب دیا۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے پی ایف یو جے کی صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کی گئی کاوشوں کو قابلِ تقلید قرار دیا۔

پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کو جدید آئی ٹی اور ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ تیزی سے بدلتے ہوئے میڈیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ انہوں نے گورنر کے تحت جاری آئی ٹی کلاسز کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ایسی سہولیات صحافی برادری کو بھی دستیاب ہوں گی۔تقریب میں وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،سینئر مرکزی رہنما انیس قائم خانی، ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق اور دیگر بھی موجود تھے ۔