مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں ٹھوس امن قائم نہیں ہو سکتا ‘پیپلز پارٹی

پیر 4 اگست 2025 17:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں ٹھوس امن قائم نہیں ہو سکتا۔یوم استحصال کشمیر پر اپنے الگ الگ پیغامات میں رہنماں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت کی بحالی کیلئے کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں۔سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ وادی میں بھارت کی طرف سے کشمیریوں کی نسل کشی رکوائے کیونکہ بھارت مقبوضہ وادی کو اسرائیل کی طرح غزہ بنانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم 6برس بعد بھی آج اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑی ہے۔جنرل سیکرٹری پی پی وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ عہد کرتے ہیں کہ اپنے کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،آج سے 6برس قبل بھارت نے مقبوضہ وادی کی آئینی حیثیت ختم کی،5اگست 2019ء کے اقدام نے بھارت کا چہرہ دنیا بھر میں مزید سیاہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دینا وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ آج پوری قوم یوم استحصال کشمیر اور نیازی ٹولہ اپنا احتجاج منا رھا ہے،سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی وسطی پنجاب شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر مودی کی ریشہ دوانیوں کی 6سال مکمل ہونے کی یاد دلاتا ہے،مودی سرکار نے مقبوضہ وادی کو انسانی جیل میں تبدیل کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اسرائیل کے نقش قدم پر کشمیریوں کی نسل کشی کر رھا ہے،اقوام متحدہ مقبوضہ وادی کی آئینی حیثیت بحال کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تیسری نسل آج بھی کشمیر کا مقدمہ لڑ رھی ہے۔