قاہرہ ، پاکستانی سفارتخانے میں یوم استحصال کے حوالے سے سیمینار کاانعقاد ، مصر کی سول سوسائٹی، میڈیا اور ماہرین کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی

بدھ 6 اگست 2025 10:20

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم استحصال کے حوالے سے "کشمیر: آزاد دنیا کے اجتماعی ضمیر کو جھنجوڑ نے والا رستا زخم " کے عنوان سے سیمینار کاانعقاد کیا گیا جس میں مصر کی سول سوسائٹی، میڈیا اور ماہرین کی نمائندہ ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد مصر اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔

بعد ازاں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کے یوم استحصال کے حوالے سے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔مقررین نے انتہائی موثر انداز میں بے گناہ کشمیریوں پر قابض بھارتی افواج کے ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور کشمیری سیاسی قیادت اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی بدسلوکی اور سزاؤں پر سوالات اٹھائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارتی حکومت کی کشمیر دشمن اور مسلم دشمن پالیسیوں، 5 اگست 2019 کو خطے کی خود مختار حیثیت کو یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر تبدیل کر کے علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جموں کشمیر کے تنازعے کےاقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

مقررین نے آپریشن بنیانِ مرصوص کے دوران پاکستان کے خلاف بلا اشتعال بھارتی جارحیت کا منہ توڑ ، موزوں اور شاندار جواب دینے پر پاکستان کی سویلین اور عسکری قیادت کی تعریف کی۔ مقررین نے بین الاقوامی برادری کی بروقت مداخلت بالخصوص امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسیوں کے درمیان جنگ کے دوران بڑے پیمانے پر تباہی سے بچنے میں مرکزی کردار کی تعریف کی ۔

مصر میں پاکستان کے سفیر عامر شوکت نے اپنے خطاب میں جنوبی ایشیا میں بڑے پیمانے پر تباہی کے ڈراؤنے خواب سے بچنے کے لیے تنازعہ کشمیر کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل کئی دہائیوں سے حل طلب ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ ہندوستان اور اسرائیل نہیں چاہتے ہیں کہ کشمیر اور فلسطین کے بہادر عوام امن کی منزل سے ہمکنار ہوں ۔

سفیر نے کہا کہ آج کی تقریب میں مصری بھائیوں کی نمایاں طور پر اور بڑے پیمانے پر شرکت کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کے لئے ایک طاقتور پیغام ہے کہ ہم اخلاقی، سیاسی اور سفارتی طور پر ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔عامر شوکت نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان اور مصر نے امن، استحکام اور ترقی کی خاطر دہشت گردی کی لعنت کو کامیابی سے شکست دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں امن کا قیام اس وقت تک نا ممکن رہے گا جب تک کشمیر اور فلسطین کے مسائل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اور کشمیریوں اور فلسطینیوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل نہیں ہو جاتے۔تقریب میں دانشوروں، صحافیوں، طلبہ اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی مظالم کو اجاگر کرنےکے لئے ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔\932