معرکہ حق جشن آزادی کی تقاریب میں راحت فتح علی، عاطف اسلم اور علی ظفر پرفارم کریں گے، گورنر سندھ

عوام کے لیے داخلہ بالکل مفت ہے، 12 اگست کو آتشبازی کا اپنا ہی عالمی ریکارڈ توڑنے جارہے ہیں، کامران ٹیسوری

بدھ 6 اگست 2025 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ 7 اگست کو معروف بین الاقوامی شہریت یافتہ قوال راحت فتح علی جبکہ 11 اگست کو عاطف اسلم اور 12 کو علی ظفر گورنر ہائوس میں پرفارم کریں گے، پروگرام میں عوام کی انٹری فری ہوگی۔تفصیلات کے مطابق گورنر ہائوس کراچی میں بدھ کو "معرکہ حق، جشنِ آزادی" کی چھٹی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی زیر صدارت تقریب میں مہمانِ خصوصی عمان اور ایران کے قونصل جنرلز نے شرکت کی۔تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائم خانی، اور دیگر معززین بھی موجود تھے جبکہ آل سندھ پرائیویٹ اسکول اینڈ کالج ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی اور سید طارق علی شاہ، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، اساتذہ کرام، فیکلٹی ممبران اور ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ اساتذہ کرام بچوں کو بتائیں کہ کس طرح ہم نے بھارت کے حملے کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی طاقت دشمن کو کھٹکتی ہے، اسی لیے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا گیا۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاک فوج نے پانچ جنگی جہاز گرا کر دشمن کا غرور خاک میں ملایا۔ انہوں نے کہا کہ اایران کی حکومت اور عوام کے مشکور ہیں، جنہوں نے جنگ میں ساتھ دیا۔

گورنر سندھ نے پاک بھارت جنگ میں سفارتی مقف کی حمایت کرنے پر عمان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرچم اور پاکستان کے لیے پوری قوم متحد ہے، کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔گورنر سندھ نے کہا کہ فلاحی اقدامات میں آئی ٹی کورسز، ناشتہ پروگرام، راشن، موٹر سائیکل و لیپ ٹاپ تقسیم شامل ہیں۔کامران ٹیسوری نے بتایا کہ 7 اگست کو گورنر ہاس میں راحت فتح علی خان پرفارم کریں گے جبکہ 11 اگست کو عاطف اسلم، 12 اگست کو علی ظفر کا گورنر ہاس میں پرفارمنس ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ 12 اگست کو گورنر ہاس میں ایک گھنٹہ 5 منٹ کی تاریخ کی طویل ترین آتش بازی ہوگی۔گورنر سندھ نے کہا کہ بک فیئر کے وقار کی جانب سے 50 لاکھ روپے مالیت کی کتابیں بچوں کے لیے عطیہ کی گئیں.تقریب میں پرچم کشائی، جشنِ آزادی کا کیک کاٹا گیا اور شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔