امریکی مہربانیاں ظاہری فائدہ مند مگر طویل مدتی نقصان دہ ہوتی ہیں‘ اختر اقبال ڈار

صدر ٹرمپ جیسے ناقابل اعتبار شخص کے حوالے سے ہمیں آنکھیں کھلی رکھنا ہوں گی‘ چیئرمین تحریک انصاف نظریاتی

جمعہ 8 اگست 2025 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ امریکہ کی پاکستان پر مہربانیاں ،ٹریڈز ڈیل کو بڑھانا اورٹیرف میں 10فیصد کمی کرنا امریکہ کے اپنے ہی مفاد میں ہے کیونکہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت چین کی دنیا بھر میں سب سے بڑی بنتی معیشت ،بلوچستان ،گلگت بلتستان کی معدنیات تیل ، گیس ،کوئلہ تانبہ اور سی پیک یہ وہ نقطے ہیں جس کے باعث پوری دنیا بلوچستان کے پیچھے پڑی ہوئی ہے اور امریکہ کی مہربانیاں بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہیں۔

اپنے بیان میں اختر ڈار نے کہاکہ پاکستان کا 42امریکی مصنوعات کی درآمد پر ٹیرف صفر کرنا غلامی کی نشانی ہے ،ایک طرف پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پر پابندیاں ہیں ،روس سے تیل خریدنے پر پابندی ہے ،ہماری بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو ناحق جیل میں رکھا ہوا ہے تو دوسری طرف امریکہ پاکستا ن مشترکہ طور پر تیل کی تلاش کریں گے ،یہ الارمنگ صورتحال ہے کیونکہ امریکہ کا پاکستان سے ضرورت کا رشتہ رہا ہے ،امریکی مفادات ہوں تو تعریفیں دوستی ورنہ پاکستان کو ہمیشہ پابندیوں اور تنقید کا سامنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 1980میں سویت افغان جنگ میں پاکستان کا بڑا کردار رہا ہے مگر ہمارے حصے میں رسوائی اور دہشتگردی آئی ،2001میں وار اینڈ ٹیررجنگ میں پاکستان کو فرنٹ لائن اسٹیٹ قرار دیا گیا جس میں ہم نے 80ہزار جانوں کی قربانی دی لہٰذاآج ہمیں یہ مدنظر رکھنا ہوگا کہ امریکی مہربانیاں ظاہری فائدہ مند مگر طویل مدتی نقصان دہ ہوتی ہیں اور صدر ٹرمپ جیسے ناقابل اعتبار شخص اور یوٹرن کے ماہر سے بچتے ہوئے ہمیں آنکھیں کھلی رکھنا ہوں گی اور امریکہ چین دونوں کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔