خواتین کو ہنر مند اور بااختیار بنانا ہمارا مشن ہے، جنید بلند

بدھ 13 اگست 2025 17:06

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے اسکلز ڈویلپمنٹ اور چیئرپرسن سندھ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (سٹیوٹا) جنید بلند نے کہا ہے کہ پاکستان کی بیٹیاں اور نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، صوبے کے 80 فیصد نوجوانوں کو ہنر سکھا کر مالی طور پر مستحکم بنانا ہمارا ہدف ہے۔ وہ 78ویں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کا ثمر ہے اور اسے برقرار رکھنے کے لیے اتحاد، محنت اور قربانی کی روایت کو زندہ رکھنا ضروری ہے۔ ملک کی سرحدوں پر پہرہ دینے والے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے جنید بلند نے کہا کہ انہی کی قربانیاں ہماری پُرسکون زندگی کی ضمانت ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرپرسن سٹیوٹا نے کہا کہ غریبوں سے محبت اور محنت کشوں کی عزت کا درس قائد ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکھنے کا عمل کبھی نہیں رُکتا اور اسی سوچ کے تحت سٹیوٹا صوبے بھر میں ہنر مندی کے ساتھ ساتھ سافٹ اسکلز کی تربیت پر بھی زور دے رہا ہے،ادارے کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے باصلاحیت طلبہ کو سامنے لانا اور بااختیار بنانا اولین ترجیح ہے۔ تقریب کے دوران جنید بلند نے نئی کمپیوٹر لیب کا افتتاح کیا، بیوٹییشن اور گارمنٹس سیکشن سمیت ڈسپلے سنٹر کا دورہ کیا۔

سندھ کے مختلف پولی ٹیکنک اور ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹس میں پہلی بار 200 جدید کمپیوٹرز فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ بینظیر بھٹو شہید ہیومن ریسورس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ اور نیووٹیک کے اشتراک سے 6 ماہ کے شارٹ کورسز جاری ہیں جن میں فی کورس 30 طالبات تربیت حاصل کر رہی ہیں۔چیئرپرسن نے یونیفارم مارکیٹ ریٹ سے کم قیمت میں تیار کرنے، ہنرمند انسٹرکٹرز کی تقرری، ادارے میں سولر سسٹم کی تنصیب اور نئے فرنیچر کی فراہمی کی ہدایات بھی جاری کیں۔ میڈیا سے گفتگو میں جنید بلند نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود صوبے کے تمام ٹیکنیکل مراکز میں بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں، اور بچیوں کو ہنر مند اور بااختیار بنانا ہمارا مشن ہے۔