معرکہ حق ہماری عسکری تاریخ کا روشن باب ہے جس نے کشمیریوں کو نیا عزم و حوصلہ دیا ، چوہدری انوارالحق

بدھ 13 اگست 2025 20:05

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ آج معرکہ حق کے سلسلے میں ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں،میں اس موقع پر پاکستان کی مسلح افواج بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں جن کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کی فوج کو شکست فاش سے دوچار کیا اور اسے منہ کی کھانا پڑی ۔

اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ میں اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف ،ائر چیف اور نیول چیف کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنایا،پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے 6 طیارے مار گرائے اور ہمارے شاہینوں نے بھارتی ایئر فورس پر ہمیشہ کی طرح اپنی برتری ثابت کی ،میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور میدان جنگ میں بھارت کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میں صدر پاکستان آصف علی زرداری ،وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور قومی سیاسی قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے سفارتی محاذ پر بھارت کے بیانیے کو ادھیڑ کر رکھ دیا ۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق ہماری عسکری تاریخ کا روشن باب ہے جس نے تحریک آزادی میں برسر پیکار کشمیریوں کو نیا عزم و حوصلہ دیا ۔انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارت کی دہشت گرد فوج کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہو گا اور ہم الحاق پاکستان کی منزل حاصل کریں گے۔