وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارلحق کامملکت خداداد پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی و معرکہ حق کی مناسبت سے منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب
جمعرات 14 اگست 2025
19:20
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے مملکت خداداد پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی و معرکہ حق کی مناسبت سے منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو جشن آزادی مبارک ہو، معرکہ حق میں بھارت کو بدترین شکست ہوئی، پاکستان اور جموں وکشمیر کے عوام یک جان و دو قالب ہیں ،پاکستان لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر معرض وجو د میں آیا ، مقبوضہ جموں و کشمیر میں شہداء پاکستان کے قومی پرچم میں دفن ہوتے ہیں ،حریت رہنما سید علی گیلانی شہید کا نعرہ ’’ہم پاکستانی ہیں ، پاکستان ہمار ا ہے “ہر کشمیری کے دل کی آواز ہے،پاکستان دنیا کے نقشہ میں واحد ملک ہے جو اسلام کے عالمگیر نظریہ کی بنیاد پر قائم ہوا، آج کا دن سجدہ شکر بجا لانے کا دن بھی ہے ، اللّہ رب العزت کے بے پایاں کرم اور فضل کی وجہ سے قیام پاکستان ممکن ہوا ، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جرأتمند قیادت میں افواج پاکستان نے ہندوستان کو زمینی ، فضائی ، سائبر اور تمام محاذوں پر شکست دیکر یہ ثابت کیا کہ پاکستان ہندوستان کی معاشی یا فوجی طاقت سے مرعوب نہیں ہوا ، ہمارا ایمان ہے کہ پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور استحکام ہی مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کو قریب لائے گا، آج کا دن تحریک پاکستان کے ان تمام اکابرین اور کارکنان کو بھی خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جن کی جدوجہد کی بدولت آج ہم مذہبی، سیاسی، معاشی اور سماجی آزادیوں کے ساتھ اپنی زندگیاں بسر کر رہے ہیں، آج کے دن شہدائے تحریک آزادی جموں و کشمیر کو بھی بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، ان شاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب یہ سبز ہلالی پرچم مقبوضہ کشمیر میں بھی لہرائے گا۔
(جاری ہے)
تقریب میں سپیکر آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور ، وزرائے حکومت سردار جاوید ایوب ، چوہدری اکبر ابراہیم ، چوہدری اظہر صادق ، ظفر اقبال ملک ، پروفیسر تقدیس گیلانی ، عاصم شریف بٹ ، مشیر حکومت سردار احمد صغیر ، ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان ،کنوینئر آل پارٹیز حریت کانفرنس آزادکشمیر (چیپٹر) غلام محمد صفی، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد ، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان، سیکرٹریز حکومت سمیت اعلی سول و عسکری حکام ، گرلزگائیڈ و بوائز اسکاؤٹس سمیت عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
اس موقع پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق تھے ۔وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے 78ویں یوم آزادی و معرکہ حق کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا خواب ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے دیکھا اور پھر 23 مارچ 1940 کے تاریخ ساز اجلاس میں کشمیری وفد نے قرارداد پاکستان کی تائید کی، ہم نے 19 جولائی 1947 کو اس وقت کی واحد کشمیریوں کی نمائندہ سیاسی جماعت آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کر کے اپنا مستقبل پاکستان سے وابستہ کیا، قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں اس مملکت کا قیام ایک طویل جدوجہد اور بیش بہا قربانیوں کے نتیجے میں عمل میں آیا، یہ قائد اعظم کی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتیں ہی تھی جن کی بدولت قائد نے ایک طرف انگریزوں سے ایک نئے ملک کے مطالبہ کو تسلیم کروایا اور دوسری طرف کانگریس کے اکھنڈ بھارت کے خواب کو چکنا چور کیا ،پاکستان کے تمام علاقوں کی طرح 14 اگست 1947 کو سری نگر سمیت سارے جموں و کشمیر میں یوم آزادی کے طور پر منایا گیا اور مقبوضہ کشمیر کے چپے چپے پر پاکستان کے جھنڈے لہرائے گئے ، یہ پاکستان سے کشمیریوں کی لازوال محبت کی عمدہ مثال ہے ۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ معرکہ حق نے پوری پاکستانی قوم کو یکجان کر دیا اور قوم اپنی بہادر افواج کی پشت پر کھڑی ہوگئی ، 4 دن کی اس جنگ نے ہندوستان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا اوربھارت جنگ بندی کے لیے درخواستیں کرنے پر مجبور ہو گیا، پاکستان کی بہادر افواج جہاں ایک طرف فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف نبرد آزما تھی دوسری طرف اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے خلاف بھی برسرپیکار تھیں ۔
و زیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ہم سب نے ملک کے دفاع اور سلامتی کے لیے ایک مٹھی ہونا ہے ، عوام اپنی بہادر افواج کا فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خاتمہ کے لیے بھر پور ساتھ دیں،پاکستان کے عوام نے بھی ہمیشہ کشمیریوں کو اپنائیت دی ہے۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزاد کشمیر کا بچہ بچہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام بھی آزاد فضائوں میں سانس لے سکیں گے۔