سید یوسف رضا گیلانی کی بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز ملنے پر دلی مبارکباد

جمعرات 14 اگست 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز ملنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔جمعرات کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری جمہوریت کے علمبردار اور نوجوان قیادت کی روشن علامت ہیں، جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی جرات مندانہ ترجمانی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو دنیا کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کیا اور معرکۂ حق کے موقع پر پاک فوج اور پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو اجاگر کیا۔یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ پارٹی چیئرمین کا یہ اعزاز نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی بلکہ پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی خاطر تاریخ ساز قربانیاں دی ہیں اور بلاول بھٹو کا یہ اعزاز ہماری جمہوری جدوجہد کا شاندار اعتراف ہے۔