کنٹرول لائن کےدونوں جانب اور پوری دنیا میں کشمیریوں نے بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا،وزیراعظم آزادکشمیر

جمعہ 15 اگست 2025 21:40

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور پوری دنیا میں بسنے والے کشمیریوں نے بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا کر ثابت کر دیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم وستم ڈھا رہا ہے اور اس نے کشمیری عوام کا جو حق خودارادیت غصب کر رکھا ہے کشمیری اس پر چپ نہیں رہیں گے ،یہ بھارت کیلیے پیغام ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا حق خودارادیت دے جس کا وعدہ اسکے اپنے وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں کیا تھا ۔

(جاری ہے)

اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ بھارت ایک دہشت گرد ریاست ہے جہاں اقلیتوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے ،کینیڈین شہری کا بھارتی خفیہ ایجنسی کی جانب سے قتل بھارت کی دہشت گردی کی مثال ہے ،بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر ظلم ڈھا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ بھارتی دہشت گرد قابض فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے ،بھارتی دہشت گرد فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی مذہبی آزادیاں پامال کی جا رہی ہیں ،بھارت جیسی دہشت گرد ریاست کو یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں ،انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی چنگل سے آزاد ہو گا اور انشاءاللہ کشمیری الحاق پاکستان کی منزل حاصل کریں گے۔