Live Updates

محکمہ موسمیات کی سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں وقفہ وقفہ سے شدید بارشوں کی پیشگوئی

منگل 19 اگست 2025 20:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں وقفہ وقفہ سے شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے شدید مون سون ہوائیں ملک کے بیشتر علاقوں (خصوصاً جنوبی علاقوں)میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں جس کے زیر اثرسندھ میں19 سے 22 اگست کے دوران مٹھی، تھرپارکر، عمر کوٹ، میرپورخاص، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، کراچی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، جامشورو میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفہ وقفہ سے اکثر مقا مات پر بارش اور کہیں کہیں موسلادھار /شدید موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔

اس دوران سکھر، لاڑکانہ، خیرپور اور جیکب آباد میں بھی کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان میں 19 سے 22 اگست کے دوران بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، ژوب، قلعہ سیف اللہ، خضدار، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر اور پنجگور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفہ وقفہ سے بارش اور کہیں کہیں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔دیگر علاقوں میں 19 سے 21 اگست کے دوران اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی پنجاب (راولپنڈی، اٹک، مری، گلیات، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور) اور خیبر پختونخوا (دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی) میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر کے پیش نظر 19 سے 22 اگست کے دوران شدید موسلادھار بارشوں کے باعث سندھ (کراچی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر، عمر کوٹ، میرپورخاص، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، جامشورو) کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے،شدید بارشوں کے باعث شمال/جنوب مشرقی بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے اور عوام الناس کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

بارشوں، آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث کمزور انفرا سٹرکچر (کچے گھر، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں، سولر پینلز وغیرہ) کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور سفر کے دوران موسمی حالات کو مدنظر رکھیں۔تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ”الرٹ“ رہیں اور کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات