چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ایتھوپیا کے سفیرکی ملاقات دو طرفہ تعاون اور عالمی امور پر تبادلہ خیال

منگل 19 اگست 2025 20:38

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ایتھوپیا کے سفیرکی ملاقات دو طرفہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیاتی تعاون سمیت علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ، سینیٹرز اور ایتھوپیا کے سفیر نے پارلیمنٹ ہاؤس کے فرینڈشپ گارڈن میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں ایک پودا بھی لگایا۔

چیئرمین سینیٹ نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارتخانے کے قیام اور کراچی سے ادیس ابابا تک ایتھوپین ائرلائنز کی براہ راست پروازوں کے آغاز کو دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایئر سروسز معاہدے کی جلد تکمیل پر بھی زور دیا تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کھل سکیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (2025-26) کی غیر مستقل رکنیت کے لیے حمایت پر ایتھوپیا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ علاقائی اور عالمی سطح پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون نے ہمیشہ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کیا ہے۔پارلیمانی سفارتکاری کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے پاکستانطایتھوپیا پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی سرگرمیوں کا ذکر کیا اور پارلیمانی وفود اور عوامی روابط کے مزید فروغ پر زور دیا۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اقتصادی سفارتکاری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور دو طرفہ تجارت میں تنوع پیدا کرنے کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کے عالمی سطح پر شہرت یافتہ مصنوعاتظبشمول اعلیٰ معیار کا چاول، سرجیکل اور میڈیکل آلات، دواسازی کی اشیائ اور فیفا معیار کے فٹبالزظوہ شعبے ہیں جہاں ایتھوپیا درآمدات بڑھا سکتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس، تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ کے میدانوں میں بھی تعاون کے روشن امکانات موجود ہیں۔ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے، مسٹر گیلانی نے ایتھوپیا کے گرین ڈائیلاگ پروگرام کو سراہا اور پائیدار اور ماحول دوست مستقبل کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات کے اختتام پر چیئرمین سینیٹ نے ایتھوپیا کی پارلیمانی قیادت کو انٹًر-پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، جو رواں سال نومبر میں منعقد ہونے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بطور بانی چیئرمین ISC، وہ دعوت دیتے ہیں کہ ایتھوپیا کانفرنس میں شریک ہوں اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے درپیش چیلنجز کا سامنا کیا جا سکے۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر عرفان الحق صدیقی، سید علی ظفر اور چیئرمین سینیٹ کی مشیر محترمہ مصباح کھر موجود تھیں۔ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے چیئرمین سینیٹ کے مؤقف کی تائید کی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے تعلقات کو فروغ دینے کی ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ایتھوپیا کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکات ایسے ہیں جو دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔